22 نومبر کو کوئٹہ کے ہاکی گراؤنڈ میں جلسہ عام، حافظ نعیم الرحمن خصوصی خطاب کریں گے

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) امیر جماعت اسلامی بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں بدامنی، بارڈرز کی بندش، مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات پر بھاری ٹیکسز نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ عوام کے معاشی قتل، بنیادی حقوق کی پامالی اور ناانصافیوں کے خلاف جماعت اسلامی 22 نومبر کو دوپہر 12 بجے کوئٹہ کے ہاکی گراؤنڈ میں جلسہ عام منعقد کرے گی، جس سے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن خصوصی خطاب کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ اور گوادر سے آئے وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام امن، روزگار، عزت، ترقی اور بنیادی حقوق چاہتے ہیں، لیکن بدقسمتی سے عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے ان میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بارڈرز کی بندش سے ہزاروں خاندانوں کا روزگار متاثر ہوا ہے، مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات پر اضافی ٹیکسز نے غریب عوام کی کمر توڑ دی ہے، جبکہ بدامنی نے لوگوں کا سکون چھین لیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی بلوچستان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی صوبے کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور عوامی حقوق کے حصول، بدامنی کے خاتمے، روزگار کے تحفظ اور ظلم و ناانصافی کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ 22 نومبر کا جلسہ اہل بلوچستان کی آواز بنے گا، جس میں عوامی مسائل کے حل کے لیے آئندہ کا لائحہ عمل بھی پیش کیا جائے گا۔
مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر کے عوام، نوجوانوں، طلبہ، تاجر برادری، علمائے کرام اور تمام مکاتب فکر سے اپیل کی کہ وہ 22 نومبر کو ہاکی گراؤنڈ پہنچ کر جلسہ عام میں بھرپور شرکت کریں۔
