عمران خان سے ملاقاتوں کا تعلق 28ویں ترمیم اور چھوٹے صوبوں کی تشکیل سے جُڑا ہے، خواجہ سعد رفیق
شاید سندھ کی تقسیم پر پیپلزپارٹی کے نہ ماننے کے بعد دو تہائی اکثریت کیلئے یہ تجویز عمران خان کو دی جا رہی ہو کہ اگر وہ تعاون کریں تو حمایت کے بدلے مقتدرہ آسانیاں مہیا کرسکتی ہے؛ سابق وفاقی وزیر کا بیان

لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے عمران خان کی جیل میں ملاقاتوں، مجوزہ 28ویں آئینی ترمیم، نئے صوبوں کی تشکیل اور خیبر پختونخواہ میں گورنر راج بارے تجزیہ پیش کرتے ہوئے ایک نئے میثاقِ پاکستان کی فوری ضرورت پر زور دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جیل میں عمران خان کی ان کی مقید اہلیہ بشریٰ بی بی اور وکلاء سے ہونے والی ملاقاتیں ایک خوش آئند اور اچھی بات ہیں، نا صرف عمران خان کی قیدِ تنہائی ختم ہونی چاہیئے بلکہ اگر وہ چاہیں تو تمام اسٹیک ہولڈرز کو ماضی کی تلخیوں سے آگے بڑھ کر ان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے لیے بھی پرامن سیاست کا سازگار ماحول پیدا کرنا چاہیئے۔
آواز دروں —•—
جیل میں جناب عمران خان کی انکی مقید اھلیہ اور انکے وکلأ کی ملاقاتیں اچھی بات ھیں ، نہ صرف انکی قید ِ تنہائ ختم ھونی چاھئیے بلکہ اگر وہ چاھیں تو سٹیک ھولڈرز کو ماضی کی تلخیوں سے آگے بڑھ کر انکی جماعت کیلئے بھی پر امن سیاست کا ماحول پیدا کرنا چاھئیے
ھمارے پاس کوئ خبر تو نہیں ھے لیکن میرے اندازے کے مطابق ان ملاقاتوں کا تعلق مجوزہ اٹھائیسویں ترمیم ،چھوٹے صوبوں کی تشکیل اور خیبر پختونخواہ میں گورنر راج کے ساتھ جُڑا ھے ،
ھو سکتا ھے کہ سندھ کی تقسیم پر پیپلز پارٹی کے نہ ماننے کے بعد اب پارلیمنٹ میں دو تہائ اکثریت کے حصول کیلئے یہ تجویز جناب عمران خان کے سامنے رکھی جا رھی ھو کہ اگر وہ تعاون کریں تو انکی حمایت کے بدلے مقتدرہ پی ٹی آئ کیلئے آسانیاں مہیا کر سکتی ھےیہ بھی ممکن ھے کہ دھشت گردی کے معاملہ پر وفاق سے تعاون کرنے اور آئیندہ اسلام آباد پر دھاوے نہ بولنے کی گارنٹی کے بدلے گورنر راج کے خاتمے کی تجویز بھی سامنے رکھی گىئ ھو ۔۔
دھشت گردی کے عفریت کے خاتمے کیلئے وفاق اور
خیبر پختونخواہ حکومت کا اکٹھے ھونا نہایت ضروری امر ھے ، اسکے لئے بھرپور کوشش کی جانی چاھئیےچھوٹے صوبوں کی تشکیل خاصا حساس معاملہ ھے ، ملک کے مختلف حصوں میں اسکا مطالبہ ایک عرصہ سے موجود ھے اور حقیقتاً اسکی ضرورت بھی محسوس کی جاتی ھے
لیکن پیپلز پارٹی خصوصاً اھل ِ سندھ کو الگ تھلگ کر کے یا جیل میں مقید سیاسی قیادت کو تعاون کے بدلے رعائیتیں دینے کی ڈیل کے ذریعے چھوٹے صوبوں کی تشکیل بہرحال پیچیدگیاں مزید بڑھا سکتی ھے اور اس کار ِ خیر کی روح کو نقصان پہنچا سکتی ھے
زیادہ مناسب ھو گا کہ چھوٹے صوبوں کی تشکیل کیلئے تمام نمائیندہ سیاسی جماعتوں کو بلا تفریق و پارلیمانی حجم آزادانہ ماحول میں مل بیٹھ کر لائحہ عمل مرتب کرنے کی سہولت دی جاۓ ۔۔
سازگار ماحول پیدا نہ گیا تو مستقبل میں آنیوالی کوئ پارلیمنٹ موجودہ ترامیم کا خاتمہ کر سکتی ھے !!
پاکستان کو اگر واقعتاً آگے بڑھانا مقصود ھے تو سیاسی قوتوں ، اسٹیبلشمنٹ اور عدلیہ کو بغیر کسی دباؤ آزادانہ ماحول میں مستقبل کے پاکستان کے خدوخال تشکیل دینا ھونگے
پراگریسو ،مستحکم ،جمہوری ،خوشحال ، ناقابل تسخیر اور متحد پاکستان کی تشکیل کرنا ھے تو سب کو اپنی آئینی حدود میں رھنا اور ایک دوسرے کے حقوق کو تسلیم کرنا ھو گا
بہر حال ایک #نیا_میثاقِ_پاکستان وقت کی اشد ضرورت ھے ۔۔!
— Khawaja Saad Rafique (@KhSaad_Rafique) November 12, 2026
انہوں نے اپنے اندازے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ ان کے پاس اس حوالے سے کوئی حتمی خبر نہیں ہے، تاہم ان کے خیال میں جیل میں ہونے والی ان ملاقاتوں کا تعلق مجوزہ 28ویں آئینی ترمیم، چھوٹے صوبوں کی تشکیل اور خیبر پختونخواہ میں گورنر راج کے معاملات سے جڑا ہو سکتا ہے، سندھ کی تقسیم پر پیپلزپارٹی کے انکار کے بعد اب پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت کے حصول کیلئے شاید یہ تجویز عمران خان کے سامنے رکھی جا رہی ہو کہ اگر وہ اس معاملے پر تعاون کریں تو ان کی حمایت کے بدلے مقتدرہ پی ٹی آئی کیلئے سیاسی آسانیاں مہیا کر سکتی ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ یہ بھی عین ممکن ہے کہ ملک میں دہشت گردی کے سنگین معاملے پر وفاق سے مکمل تعاون کرنے اور آئندہ اسلام آباد پر دھاوے نہ بولنے کی ضمانت کے بدلے خیبرپختونخواہ میں گورنر راج کے خاتمے کی تجویز بھی سامنے رکھی گئی ہو، دہشتگردی کے عفریت کے خاتمے کیلئے وفاق اور خیبر پختونخواہ حکومت کا ایک پیج پر اور اکٹھا ہونا نہایت ضروری امر ہے، اس مقصد کے حصول کیلئے بھرپور کوشش کی جانی چاہیئے۔
چھوٹے صوبوں کے قیام کو ایک خاصا حساس معاملہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ ملک کے مختلف حصوں میں اس کا مطالبہ ایک عرصے سے موجود ہے اور حقیقتاً اس کی ضرورت بھی محسوس کی جاتی ہے، پیپلز پارٹی خصوصاً اہلِ سندھ کو الگ تھلگ کر کے یا جیل میں مقید سیاسی قیادت کو تعاون کے بدلے رعایتیں دینے کی کسی ڈیل کے ذریعے چھوٹے صوبوں کی تشکیل پیچیدگیاں مزید بڑھا سکتی ہے اور اس کارِ خیر کی اصل روح کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔
خواجہ سعد رفیق نے تجویز دی کہ زیادہ مناسب ہو گا کہ چھوٹے صوبوں کی تشکیل کے لیے تمام نمائندہ سیاسی جماعتوں کو بلا تفریق و پارلیمانی حجم آزادانہ ماحول میں مل بیٹھ کر لائحہ عمل مرتب کرنے کی سہولت دی جائے، ورنہ مستقبل میں آنے والی کوئی بھی پارلیمنٹ موجودہ ترامیم کو ختم کر سکتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان کو واقعتاً ترقی کی راہ پر آگے بڑھانا مقصود ہے تو سیاسی قوتوں، اسٹیبلشمنٹ اور عدلیہ کو بغیر کسی دباؤ کے آزادانہ ماحول میں مستقبل کے پاکستان کے خدوخال تشکیل دینا ہوں گے، ایک ترقی پسند، مستحکم، جمہوری، خوشحال اور متحد پاکستان کی تشکیل کے لیے سب کو اپنی آئینی حدود میں رہنا اور ایک دوسرے کے حقوق کو تسلیم کرنا ہو گا کیونکہ بہرحال ایک ’نیا میثاقِ پاکستان‘ وقت کی اشد ضرورت ہے۔