عمران خان کی بہنیں نورین نیازی اور عظمیٰ خان کوٹ لکھپت جیل سے رہا

دونوں کو پی ٹی آئی کی احتجاجی سرگرمیوں میں شرکت اور دفعہ 144 کی مبینہ خلاف ورزی کے الزام میں پولیس نے حراست میں لیا اور ضلعی انتظامیہ نے نقصِ امن کے خدشے کے پیشِ نظر جیل منتقل کیا تھا


لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی بہنوں نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو لاہور کی کوٹ لکھپت جیل سے رہا کر دیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی بہنوں نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو آج لاہور کی کوٹ لکھپت جیل سے رہا کر دیا گیا ہے، دونوں خواتین گزشتہ کچھ عرصے سے کوٹ لکھپت جیل میں نظر بند تھیں، رہائی کے احکامات موصول ہونے کے بعد جیل حکام نے ضابطے کی کارروائی مکمل کرکے انہیں جیل سے رہا کیا، جس کے بعد وہ اپنی رہائش گاہ کی جانب روانہ ہو گئیں۔
پارٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ نورین نیازی اور عظمیٰ خان کی رہائی کے لیے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے مختلف قانونی اور سیاسی سطحوں پر مسلسل کوششیں کی جا رہی تھیں، دونوں کی رہائی کو یقینی بنانے اور اس سلسلے میں درکار قانونی و انتظامی معاملات کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے انتہائی اہم اور کلیدی کردار ادا کیا جس کے نتیجے میں آج ان کی رہائی عمل میں آئی۔
واضح رہے کہ نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو گزشتہ دنوں پاکستان تحریک انصاف کی احتجاجی سرگرمیوں میں شرکت اور دفعہ 144 کی مبینہ خلاف ورزی کے الزام میں پولیس نے حراست میں لیا تھا، بعد ازاں ضلعی انتظامیہ نے نقصِ امن کے خدشے کے پیشِ نظر مینٹیننس آف پبلک آرڈر یعنی ایم پی او کے تحت ان کی نظر بندی کے احکامات جاری کرتے ہوئے انہیں لاہور کی کوٹ لکھپت جیل منتقل کر دیا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ہی جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ان کے وکلا کی ملاقات کے دوران یہ بات سامنے آئی تھی کہ عمران خان نے اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی اور بہنوں سمیت تمام خواتین اسیران کی فوری رہائی کو پارٹی کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے مذاکرات اور قانونی کوششیں تیز کرنے کی ہدایت کی تھی، سیاسی حلقوں میں نورین نیازی اور عظمیٰ خان کی رہائی کو اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی اور سیاسی تناؤ میں کمی کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔

WhatsApp
Get Alert