خیبرپختونخواہ اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 74 دہشت گرد ہلاک

دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ، گولہ بارود، دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد اور آئی ای ڈیز بھی برآمد کرلی گئی ہیں جنہیں تخریب کاری کی بڑی کارروائیوں کے لیے استعمال کیا جانا تھا؛ آئی ایس پی آر


راولپنڈی(قدرت روزنامہ) سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخواہ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم مجموعی طور پر 74 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کرلیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخواہ کے اضلاع میر علی اور اورکزئی میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مؤثر آپریشنز کیے، گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران جاری رہنے والی ان کارروائیوں میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں میر علی میں 35 جب کہ اورکزئی میں 8 خوارج مارے گئے، آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ان جھڑپوں میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا گیا ہے اور علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز بدستور جاری ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ بلوچستان کے ضلع کوئٹہ کے علاقے کرم میں بھی سکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن جاری ہے، جہاں مختلف جھڑپوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 31 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا، سکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے دہشت گردوں کے متعدد خفیہ ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنا کر تباہ کر دیا۔
فوج کے ترجمان ادارے نے بتایا کہ خیبرپختونخواہ اور بلوچستان میں ہونے والے ان تمام آپریشنز کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ، گولہ بارود، دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد اور آئی ای ڈیز بھی برآمد کر لی گئی ہیں جنہیں تخریب کاری کی بڑی کارروائیوں کے لیے استعمال کیا جانا تھا، ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز کے آپریشنز جاری رہیں گے، اور امن و امان کے قیام کے لیے ‘آپریشن عزمِ استحکام’ پوری رفتار اور قوت کے ساتھ جاری رہے گا۔
ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں کامیاب کارروائیوں، دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں تباہ کرنے اور بھاری مقدار میں اسلحہ و دھماکا خیز مواد برآمد کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا، وزیراعظم نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے جوان ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے دن رات مصروفِ عمل ہیں، اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ پوری قوت سے جاری رہے گی۔

WhatsApp
Get Alert