مردہ گھوڑے میں ہوا بھرنے کی اب کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی، عظمیٰ بخاری

مریم نواز کو پنجاب کے لوگ کھلے دل سے تسلیم کرچکے ہیں، جعلی بیانیے بنانے والے قصہ پارینہ بن چکے ہیں، مریم نواز کو پنجاب کے لوگ کھلے دل سے تسلیم کر چکے ہیں؛ صوبائی وزیراطلاعات کا بیان


لاہور(قدرت روزنامہ)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے محض دو سال کے قلیل عرصے میں گڈ گورننس، شفافیت اور میرٹ کو پنجاب کا مثالی ماڈل بنا دیا ہے، پنجاب تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے جس کی وجہ سے سیاسی مخالفین خوفزدہ ہیں۔
لاہور سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب ترقی کر رہا ہے اس لیے کچھ لوگوں کو ڈر لگ رہا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گڈ گورننس، شفافیت اور میرٹ کی بالادستی کو پنجاب کی پہچان اور ماڈل بنا دیا ہے، اور آج پنجاب کا یہ گورننس ماڈل ملک کے دیگر صوبوں کے لیے بھی ایک روشن مثال بن چکا ہے۔
انہوں نے صوبائی حکومت کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے دعویٰ کیا کہ مریم نواز شریف نے محض دو سال کے عرصے میں پنجاب میں ایسے تاریخ ساز ترقیاتی اور فلاحی کام کر دکھائے ہیں جو ملکی تاریخ میں کوئی اور نہیں کر سکتا، عوامی خدمت کے ان عملی اقدامات کی بدولت پنجاب کے عوام نے مریم نواز شریف کو کھلے دل سے اپنا قائد تسلیم کر لیا ہے۔
سیاسی مخالفین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ جعلی بیانیے گھڑنے والے عناصر اب قصہ پارینہ بن چکے ہیں، اور مردہ گھوڑے میں ہوا بھرنے کی اب کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں ہوگی، نہ تو جادو ٹونے سے حکومتیں چلتی ہیں اور نہ ہی جھوٹ اور منفی پروپیگنڈے کے ذریعے عوامی مینڈیٹ رکھنے والی حکومتیں گرتی ہیں، کچھ بیروزگار اور سیاسی یتیم اس وقت اپنے لیے نئے سیاسی ٹھکانے تلاش کرنے کے لیے ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ اس حقیقت میں کوئی شک نہیں کہ پورے ملک میں اس وقت سب سے بہترین کارکردگی دکھانے والی وزیراعلیٰ مریم نواز ہیں، اسی لیے بعض غیر اہم لوگ مریم نواز کو بلاجواز تنقید کا نشانہ بنا کر خود کو اہم بنانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں، حکومتِ پنجاب مخالفین کے بے بنیاد پروپیگنڈے پر توجہ دینے کے بجائے اپنی تمام تر توانائیاں صوبے کی خوشحالی، مہنگائی میں کمی اور عوام کا معیارِ زندگی بلند کرنے پر مرکوز رکھے گی۔

WhatsApp
Get Alert