واٹس ایپ کا صارفین کا دیرینہ مطالبہ پورا، اب ’ویو ونس‘ کے تحت ٹیکسٹ پیغامات بھی صرف ایک بار دیکھے جا سکیں گے


سان فرانسسکو(قدرت روزنامہ)دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپلی کیشنز میں شامل واٹس ایپ نے صارفین کی دیرینہ خواہش پوری کرتے ہوئے ایک نیا فیچر متعارف کرانے کی تیاری کر لی ہے، جس کے تحت اب ٹیکسٹ پیغامات بھی صرف ایک بار دیکھے جا سکیں گے اور پڑھنے کے بعد خودکار طور پر غائب ہو جائیں گے۔
واٹس ایپ نے اگست 2021 میں صارفین کی پرائیویسی بہتر بنانے اور غیر ضروری اسٹوریج کے استعمال کو کم کرنے کے لیے ’ویو ونس‘ (View Once) فیچر متعارف کرایا تھا، جس کے ذریعے تصاویر اور ویڈیوز ایک مرتبہ کھولنے کے بعد چیٹ سے خود بخود غائب ہو جاتی ہیں۔
اب کمپنی اس سہولت کو مزید وسعت دیتے ہوئے اس میں ٹیکسٹ پیغامات بھی شامل کرنے جا رہی ہے، جس سے صارفین ایسے تحریری پیغامات بھیج سکیں گے جنہیں وصول کرنے والا صرف ایک مرتبہ دیکھ سکے گا۔
ٹیکنالوجی سے متعلق خبروں کی ویب سائٹ WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق یہ نیا فیچر اینڈرائیڈ کے لیے واٹس ایپ کے تازہ ترین بیٹا ورژن میں سامنے آیا ہے۔ بیٹا ورژن استعمال کرنے والے صارفین اب ایسے ٹیکسٹ پیغامات بھیج سکتے ہیں جو وصول کنندہ کے کھولنے اور پڑھنے کے بعد خودکار طور پر غائب ہو جاتے ہیں۔
اس فیچر سے صارفین کو حساس معلومات زیادہ محفوظ انداز میں شیئر کرنے میں مدد ملے گی۔ اس کے ذریعے پاس ورڈز، کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات اور دیگر خفیہ معلومات بھیجی جا سکیں گی، جس سے ان معلومات کے غیر متعلقہ افراد تک پہنچنے کا خطرہ کم ہو گا۔
واٹس ایپ نے جب ابتدائی طور پر ’ویو ونس‘ فیچر متعارف کرایا تھا تو کمپنی کا کہنا تھا کہ اسے وائی فائی لاگ اِن تفصیلات اور دیگر حساس معلومات تصاویر کی صورت میں شیئر کرنے کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ واٹس ایپ پہلے ہی ’ڈس اپیئرنگ میسجز‘ (Disappearing Messages) کا فیچر فراہم کرتا ہے، جس کے تحت صارفین کی جانب سے مقرر کردہ مدت پوری ہونے پر پیغامات خودکار طور پر حذف ہو جاتے ہیں۔ تاہم نیا ’ویو ونس‘ آپشن اس سے مختلف ہو گا، کیونکہ یہ پوری گفتگو کے بجائے صرف ایک مخصوص پیغام پر لاگو ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق وصول کنندہ جیسے ہی پیغام کھول کر پڑھ لے گا، وہ چیٹ سے خود بخود غائب ہو جائے گا۔ مزید یہ کہ وصول کنندہ ایسے پیغامات کو کاپی، فارورڈ یا محفوظ نہیں کر سکے گا، جبکہ اس فیچر میں اسکرین شاٹ لینے کی سہولت بھی بند ہو گی، جس سے صارفین کی نجی گفتگو کو تحفظ کی ایک اضافی تہہ فراہم ہو گی۔

WhatsApp
Get Alert