مجھے خدشہ ہے کہ عمران خان نے کہیں عصر کے وقت تو روزہ نہیں توڑ لیا؟ حفیظ اللہ نیازی کا سوال

اگر بشریٰ بی بی کی ہسپتال یا بنی گالہ منتقلی اور عمران خان کی نجی ہسپتال تک رسائی کے بدلے 28ویں آئینی ترمیم اور نئے صوبوں پر اتفاق ہوا ہے تو پھر کہنے میں حرج نہیں کہ ’چہ ارزاں فروختند!‘؛ تجزیہ کار کی ایکس پوسٹ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سینئر تجزیہ کار و کالم نگار حفیظ اللہ خان نیازی نے ملک کی حالیہ سیاسی صورتحال، پسِ پردہ مذاکرات، صدر مملکت آصف علی زرداری اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی نواب شاہ میں ہونے والی مبینہ ملاقات اور مجوزہ 28ویں آئینی ترمیم پر اہم تبصرہ کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ عمران خان نے کہیں آخری مرحلے میں جا کر کوئی سمجھوتہ تو نہیں کرلیا؟۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے موجودہ سیاسی پیشرفت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بات کا شدید خدشہ لاحق ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہیں ’عصر کے وقت تو روزہ نہیں توڑ لیا؟‘ ان کے اس جملے کا اشارہ اس جانب ہے کہ طویل مزاحمت اور اسیری کے بعد کہیں آخری وقت میں جا کر کوئی سیاسی سمجھوتہ یا پسِ پردہ مفاہمت تو طے نہیں پاگئی۔


حفیظ اللہ نیازی نے موجودہ سیاسی سرگرمیوں کا تجزیہ کرتے ہوئے نشاندہی کی کہ صدر مملکت آصف علی زرداری اس وقت نواب شاہ میں موجود ہیں اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی نواب شاہ میں صدر زرداری کے سامنے حاضر ہیں، اس ملاقات میں وزیر داخلہ محسن نقوی بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ ہونے والے اپنے مبینہ کامیاب مذاکرات کی تمام تر تفصیلات اور داستان صدر آصف علی زرداری کے گوش گزار کر چکے ہوں گے۔
سینئر تجزیہ کار نے اپنے بیان میں اہم سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ کیا اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کی گرتی ہوئی صحت کے دباؤ میں آ کر عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ کو ایک نئی زندگی (Lease of Life) دے دی ہے؟ اگر بشریٰ بی بی کی ہسپتال یا بنی گالہ منتقلی اور خود عمران خان کی نجی ہسپتال تک رسائی کے بدلے مجوزہ 28ویں آئینی ترمیم، نئے صوبوں کے قیام یا نئے انتظامی یونٹس کی تشکیل پر اتفاق ہو گیا ہے، تو پھر یہ کہنے میں کوئی حرج نہیں ہو گا کہ ’چہ ارزاں فروختند‘ یعنی بہت سستے داموں سودا کر لیا گیا۔
حفیظ اللہ نیازی کے تجزیے میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نواب شاہ پہنچ کر صدر آصف علی زرداری کو دراصل یہی پیغام دینے گئے ہیں کہ عمران خان کے ساتھ معاملات طے پا گئے ہیں اور حکومت نے پارلیمان کے دونوں ایوانوں قومی اسمبلی اور سینیٹ میں مطلوبہ نمبر پورے کرلیے ہیں، لہٰذا اب پاکستان پیپلز پارٹی بتائے کہ وہ اس معاملے پر کیا سوچ رہی ہے؟۔
اپنے تبصرے کے اختتام پر سینئر کالم نگار نے کہا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے دی جانے والی اس مبینہ اطلاع اور بدلتے ہوئے سیاسی منظرنامے کے بعد صدر آصف علی زرداری کے پاس بھی مزاحمت کے آپشنز محدود رہ جائیں گے، اور انہیں اپنی تلوار نیام میں ڈالنے پر مجبور ہو جانا چاہیئے کیونکہ سیاسی حقیقت پسندی کے تحت اکیلے لڑنے کے بجائے بدلتے حالات کے مطابق فیصلہ کرنا ہی بہتر سمجھا جاتا ہے۔

WhatsApp
Get Alert