پاکستان کی معدنی دولت کو کارآمد بنانا ہمارا اجتماعی قومی مقصد ہے، فیلڈ مارشل

کان کنی کے ماحولیاتی نظام کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام کرتے رہیں گے، کانوں، سرمایہ کاری، صنعتوں اور اس سے وابستہ لوگوں کو تحفظ فراہم کیا جائے گا؛ سید عاصم منیرکا منرلز انویسٹمنٹ فورم سے خطاب


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات نے کہا ہے کہ پاکستان کو طویل مدتی معدنی سرمایہ کاری کے لیے ایک مسابقتی منزل بنانا ہمارا بنیادی ہدف ہے۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026ء کے شرکاء سے خطاب کرتے کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی بے پناہ معدنی دولت کو کارآمد بنانا ہم سب کا ایک اجتماعی قومی مقصد ہے، ہمیں صلاحیت سے پیداوار کی طرف، وعدوں سے عمل کی طرف اور خام برآمدات سے ویلیو ایڈڈ گروتھ کی طرف آگے بڑھنا ہوگا، ایسی طویل مدتی شراکت داری پروان چڑھانا چاہتے ہیں جو پاکستان کیلئے پائیدار معاشی قدر بنے۔
اپنے خطاب میں کان کنی کے شعبے میں سیکیورٹی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے چیف آف ڈیفنس فورسز نے واضح کیا کہ کان کنی کے پورے ماحولیاتی نظام کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کیے جا رہے ہیں اور یہ سلسلہ جاری رہے گا، کانوں، کان کنوں، سرمایہ کاری، صنعتوں، تمام منصوبوں اور اس سے وابستہ تمام لوگوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا،۔
معدنی پالیسی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ہمارا مقصد صرف خام مال برآمد کرنا ہرگز نہیں ہے، بلکہ ریفائننگ اور مینوفیکچرنگ تک پوری ویلیو چین کو ملک کے اندر تیار کرنا ہے، ہم ایسی پائیدار اور طویل مدتی شراکت داری پروان چڑھانا چاہتے ہیں جو پاکستان اور اس کے تمام شراکت داروں کے لیے مشترکہ معاشی قدر کا باعث بنے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس بات پر خصوصی زور دیا کہ معدنی ترقی کے فوائد سے مقامی آبادیوں کا مستفید ہونا لازم ہے، معدنیات سے مالا مال علاقوں کے باسیوں کو اپنی روزمرہ زندگیوں میں اس ترقی کے واضح اور ٹھوس ثمرات نظر آنے چاہئیں، معدنیات سے مالا مال علاقوں کے لوگوں کو اپنی زندگیوں میں ٹھوس بہتری نظر آنی چاہیئے کیونکہ معدنی ترقی سے مقامی آبادیوں کو فائدہ پہنچنا لازم ہے۔
اپنے خطاب کے اختتام پر چیف آف ڈیفنس فورسز نے پاکستانی قوم کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے لوگ محنتی، دلیر اور پُرعزم ہیں، جن میں خوابوں کو تعبیر میں بدلنے کی زبردست صلاحیت موجود ہے، ہمارے قدرتی وسائل مواقع فراہم کرتے ہیں جبکہ اچھے نتائج کے حصول کے لیے ہمارے عوام کا عزم اور طاقت ہی اصل سرچشمہ ہے، ہمیں صلاحیت سے پیداوار کی طرف، وعدوں سے عمل کی طرف اور خام برآمدات سے ویلیو ایڈڈ گروتھ کی طرف بڑھنا ہوگا۔

WhatsApp
Get Alert