بلوچستان کے سرکاری پرائمری اسکولوں میں عربی زبان لازمی قرار دینے کی قرارداد اسمبلی میں پیش
عربی زبان کے ساتھ ساتھ مقامی مادری زبانوں کو بھی لازمی قرار دیا جائے، ڈاکٹر مالک بلوچ

کوئٹہ(قدرت روزنامہ) بلوچستان اسمبلی کا اجلاس میں محترمہ شاہدہ رؤف کی جانب سے بلوچستان کے سرکاری پرائمری اسکولوں میں عربی زبان کو لازمی قرار دینے کے حوالے سے قرارداد پیش کی گئی۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ تعلیم کا مقصد صرف علم کی فراہمی نہیں بلکہ بچوں کی علمی، اخلاقی، جذباتی اور فکری نشوونما کے ساتھ ان میں دینی شعور، اقدار اور کردار سازی کو فروغ دینا بھی ضروری ہے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ تعلیم اور فہم کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے عربی زبان کی بنیادی تعلیم کو قرآن کے تعلیمی نظام کا حصہ بنانا ایک اہم تعلیمی ضرورت ہے۔ عربی زبان قرآن پاک کی زبان ہے اور اس کی بنیادی تعلیم قرآن پاک میں استعمال ہونے والے الفاظ اور ان کے مفاہیم کو سمجھنے میں مدد فراہم کر سکتی ہے۔
قرار داد کے مطابق بلوچستان کے بچوں کو ابتدائی تعلیمی اداروں سے ہی بنیادی عربی زبان سیکھنے کے مواقع فراہم کرنے سے ان کی دینی اور لسانی صلاحیتوں میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ اس مقصد کے لیے معیاری درسی کتب، تربیت یافتہ اساتذہ، مناسب تدریسی طریقہ کار، تعلیمی وسائل اور مؤثر نگرانی کے نظام کی فراہمی بھی ناگزیر ہے۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ تمام سرکاری پرائمری اسکولوں میں طلبہ کی عمر اور جماعت کو مدنظر رکھتے ہوئے عربی زبان کی بنیادی تعلیم قرار دینے کا اصولی فیصلہ کیا جائے، نصاب میں عربی زبان کو شامل کیا جائے اور تدریسی مواد کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ بلوچستان کے شہری اور دیہی علاقوں کے بچوں کو بنیادی عربی زبان سیکھنے کے یکساں مواقع میسر آسکیں۔
اس موقع پر بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں ڈاکٹر مالک بلوچ نے کہا کہ عربی زبان کے ساتھ ساتھ مقامی مادری زبانوں کو بھی لازمی قرار دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 2013 میں بھی بلوچستان میں مادری زبانوں کو لازمی قرار دینے کے حوالے سے قرارداد پیش کی تھی۔ مادری زبان میں تعلیم حاصل کرنا ہر بچے کا بنیادی حق ہے۔
