منظم تنظیم اور سیاسی جماعت ہی قومی حقوق کی ضامن ہوتی ہے، بلوچستان کے قومی وسائل کے دفاع اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے تمام اقوام کو نیشنل پارٹی کے سیاسی فلسفے میں شامل کرنے کی جدوجہد کررہے ہیں، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

کوئٹہ(قدرت روزنامہ) نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے نیشنل پارٹی کوئٹہ ایسٹ کی آرگنائزنگ کمیٹی اور سینئر پارٹی دوستوں نے ملاقات کی۔ ملاقات میں کوئٹہ ایسٹ اور ویسٹ میں پارٹی کو مزید فعال، منظم اور عوامی سطح پر وسعت دینے کے لیے تمام تنظیمی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ نیشنل پارٹی نے کوئٹہ میں اپنی سیاسی و تنظیمی بنیادوں کو وسعت دی ہے اور شہر میں آباد تمام اقوام کی نمائندگی پارٹی میں موجود ہے۔ قومی وسائل کے دفاع، عوامی حقوق کے تحفظ اور جمہوری سیاست کے فروغ کے لیے ضروری ہے کہ ہر مکتبہ فکر کو نیشنل پارٹی کے سیاسی فلسفے اور جدوجہد کا حصہ بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ ایسٹ اور ویسٹ کی تنظیموں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ عوامی رابطوں کو مؤثر بنائیں، تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط کریں اور اپنی سیاسی و تنظیمی صلاحیتوں کے ذریعے پارٹی کو مزید وسعت دیں۔ منظم تنظیم اور اصولی سیاست ہی قومی حقوق کے تحفظ اور عوامی بالادستی کی ضمانت فراہم کرتی ہے۔ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں سیاسی و جمہوری عمل کو محدود اور سبوتاڑ کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ ایسے حالات میں سیاسی کارکنوں کا نظریاتی پختگی، تنظیمی نظم و ضبط اور جمہوری اصولوں سے آراستہ ہونا ناگزیر ہے۔ نیشنل پارٹی سمجھتی ہے کہ بلوچستان کے مسائل کا مستقل حل عوام کی حکمرانی، قومی وسائل پر اختیار اور جمہوری سیاسی عمل کے تسلسل میں مضمر ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی کے 17 نکات بلوچستان میں عوامی بالادستی، قومی حقوق اور صوبے کے سیاسی و معاشی اختیار کے حصول کا جامع روڈ میپ ہے۔ ان میں وفاقی ملازمتوں میں بلوچستان کے جائز حصے کا مطالبہ بھی شامل تھا، جس پر وفاقی حکومت کی جانب سے عمل درآمد ایک مثبت پیش رفت ہے۔ اگر حکومت نیشنل پارٹی کے دیگر نکات پر بھی سنجیدگی سے عمل درآمد کرے تو بلوچستان میں پائیدار امن، سیاسی استحکام اور حقیقی تعمیر و ترقی کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔ملاقات میں نیشنل پارٹی کے مرکزی انفارمیشن سیکرٹری علی احمد لانگو، مرکزی کمیٹی کے اراکین نیاز بلوچ، ڈاکٹر رمضان ہزارہ، صوبائی کسان سیکرٹری حاجی فاروق شاہوانی، صوبائی انسانی حقوق سیکرٹری انیل غوری، آرگنائزر ریاض زہری، ڈپٹی آرگنائزر حنیف کاکڑ، ورکنگ کمیٹی کے اراکین نعیم بنگلزئی اور عالمگیر کاکڑ، آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین نصراللہ شاہوانی، کامریڈ رحمت اللہ پرکانی، حاجی خیرجان مینگل، ثناء کھیازئی، حاجی اصغر ہزارہ، عثمان لانگو، سائرہ بتول، سابق ورکنگ کمیٹی کے رکن قیوم سجن، بسم اللہ شاہوانی، علی احمد شاہوانی، حاجی ادریس شاہوانی رحمت اللہ محمد حسنی، انورشاہوانی، رجب کھیازئی، حسن ہزارہ، حاجی عزیز سرپرہ، اعظم کرد اور ٹکری ارشاد لانگو سمیت دیگر شامل تھے اس موقع پر مرکزی کمیٹی کے رکن چیئرمین محراب بلوچ اور ورکنگ کمیٹی کے اراکین مشکور انور، فدا جان بلیدی اور کرنل قذافی رند بھی موجود تھے۔
