بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحقین کی مالی امداد میں غیر قانونی کٹوتی کرنے والے 04 ملزمان گرفتار، 01 لاکھ 52 ہزار روپے نقد اور 02 عدد ڈیوائسز برآمد

ڈیرہ بگٹی(قدرت روزنامہ) ایس پی ساؤتھ ڈیرہ بگٹی عبدالرؤف بابر کے خصوصی احکامات پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحقین کو فراہم کی جانے والی مالی امداد میں غیر قانونی کٹوتی کرنے والوں کے خلاف پولیس نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 04 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔یہ کارروائی ڈی ایس پی سرکل ڈیرہ بگٹی بابر مشتاق کی نگرانی میں ایس ایچ او پولیس تھانہ ڈیرہ بگٹی انسپکٹر نور علی بگٹی، اسٹیٹنٹ سب انسپکٹر عرض محمد، اسٹیٹنٹ سب انسپکٹر محمد یونس نے پولیس ٹیم کے ہمراہ عمل میں لائی۔کارروائی کے دوران نور محمد ولد پاندہی، قوم بگٹی، محمد نور ولد موالی، قوم بگٹی، محمد راحیل ولد امیر، قوم بگٹی، خلیل احمد ولد گل حسین، قوم بگٹی کو گرفتارکرلیا ۔ گرفتار ملزمان کی جامعہ تلاشی کے دوران ملزم نور محمد کے قبضے سے 105,000 روپے، محمد نور سے 38,000 روپے، محمد راحیل سے 6,000 روپے اور خلیل احمد سے 3,000 روپے نقد برآمد کیے گئے، جبکہ ملزمان کے قبضے سے 02 عدد ڈیوائسز بھی برآمد کر لی گئیں۔اس طرح مجموعی طور پر 1 لاکھ 52 ہزار روپے نقد اور 02 عدد ڈیوائسز برآمد کی گئیں۔گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ فرد نمبر 26/2026 بجرم زیر دفعہ 420.419.168.471.34Ppc درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ ایس پی ساؤتھ ڈیرہ بگٹی عبدالرؤف بابر نے واضح کیا ہے کہ مستحقین کی مالی امداد میں غیر قانونی کٹوتی اور عوام کا استحصال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
