کوئٹہ کے شہری بنیادی سہولیات سے محروم اور بدامنی کے رحم و کرم پر ہیں، 2 دسمبر کو ایوب اسٹیڈیم میں تاریخی جلسہ ہوگا: پشتونخوامیپ
تحصیل سرآب کانفرنس کا انعقاد، سید عبدالخالق آغا صدر اور صدام اچکزئی جنرل سیکرٹری منتخب، صوبائی صدر عبدالقہار ودان نے نومنتخب کابینہ سے حلف لیا

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کی تحصیل سرآب کا اہم تنظیمی کانفرنس پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر و ضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض ضلع کوئٹہ کے سینئر معاون سیکرٹری جمشید دوتانی اور ضلع اطلاعات سیکرٹری فیصل کاکڑ نے انجام دیے جبکہ تلاوتِ کلامِ پاک کی سعادت نجیب الکوزئی نے حاصل کی۔ کانفرنس میں تحصیل سرآب کی گزشتہ سیاسی و تنظیمی کارکردگی رپورٹ تحصیل اطلاعات سیکرٹری صدام اچکزئی نے پیش کی جسے مندوبین نے تفصیلی جائزے کے بعد متفقہ طور پر منظور کر لیا۔
کانفرنس کے دوران نئی کابینہ کی تشکیل کے لیے الیکشن کمیشن قائم کیا گیا جس کے اجلاس کے بعد نامزد اراکین کا اعلان کیا گیا اور مندوبین نے ہاتھ اٹھا کر ہر ایک رکن کی علیحدہ علیحدہ منظوری دی۔ انتخاب کے مطابق سید عبدالخالق آغا تحصیل سرآب کے صدر، صدام خان اچکزئی جنرل سیکرٹری، عامر افغان اطلاعات سیکرٹری، حاجی ارسلا خان خلجی مالیات سیکرٹری، یار محمد بریال رابطہ سیکرٹری جبکہ ملک شاکر کاسی، قیوم تاجک، خان ودان کاکڑ، مناف خان عثمانزئی، نجم کاکڑ، امان اللہ ملاخیل، نور شاہ آکا، نصیر پوپل اور جمیل اچکزئی معاونین منتخب ہوئے۔ نومنتخب ایگزیکٹوز سے پارٹی کے صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان نے حلف لیا۔
کانفرنس سے صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان، ضلع کوئٹہ کے سینئر معاون سیکرٹری معلم سعید خان کاکڑ، ضلعی معاونین جبار ہمدرد، حاجی سلیمان ترین، گلاب سلیمانخیل، تحصیل سٹی سیکرٹری منان نصرت، پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زونل اطلاعات سیکرٹری عظیم افغان، سابق کونسلر روزی محمد خلجی، نعیم حقیار اور اسماعیل ملاخیل نے بھی خطاب کیا جبکہ شاعر ڈاکٹر خالد الہٰی نے اپنا کلام پیش کیا۔ اس موقع پر صوبائی ڈپٹی سیکرٹری نظام عسکر، ضلع آفس سیکرٹری نصیب اللہ نیازی اور ضلعی ایگزیکٹوز و کمیٹی اراکین بھی موجود تھے۔ مقررین نے نومنتخب کابینہ کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ ذاتی و گروہی مفادات سے بالاتر ہو کر پارٹی چیئرمین ملی مشر محمود خان اچکزئی کی قیادت میں عوامی خدمت اور جمہوری جدوجہد کو منظم انداز میں آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے کارکنوں اور عوام سے اپیل کی کہ 2 دسمبر کو پارٹی کے بانی خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی 53ویں برسی کے موقع پر کوئٹہ کے ایوب اسٹیڈیم فٹبال گراؤنڈ میں منعقد ہونے والے جلسہ عام میں بھرپور شرکت کر کے انہیں خراجِ عقیدت پیش کریں۔
مقررین نے ملکی و صوبائی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں آئین و جمہوریت پامال ہے اور تمام بحرانوں سے نجات کا واحد راستہ متفقہ آئین کی بحالی، پارلیمان کی خودمختاری، تمام ریاستی اداروں کو آئینی حدود کا پابند بنانے اور قوموں کی برابری پر مبنی حقیقی جمہوری فیڈریشن کا قیام ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پشتونخوا بالخصوص کوئٹہ کے شہری بجلی و گیس کی عدم فراہمی، پینے کے صاف پانی کی قلت، ٹوٹی پھوٹی سڑکوں، بے ہنگم ٹریفک، ناقص صفائی و نکاسی آب، مہنگائی، بے روزگاری اور صحت و تعلیم کی ناکافی سہولیات کے باعث شدید اذیت سے دوچار ہیں، جبکہ حکومت ان مسائل کے حل میں مکمل ناکام ہو چکی ہے۔ مزید برآں دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، اغواء اور چوری ڈکیتی کی وارداتوں نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا رکھا ہے، لہٰذا ریاست اور قانون نافذ کرنے والے ادارے شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائیں۔
