ذیابیطس کا تیزی سے پھیلاؤ صحتِ عامہ کا سنگین مسئلہ بنتا جا رہا ہے، وزیراعظم


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں ذیابیطس کا تیزی سے پھیلاؤ صحتِ عامہ کا سنگین مسئلہ بنتا جا رہا ہے، بیماری کی پیچیدگیوں سے بچاؤ اور قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے بروقت اسکریننگ اور طبی مداخلت ضروری ہے۔
ذیابیطس کے عالمی دن، 14 نومبر 2026 کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اس دن کے موقع پر عالمی برادری کے ساتھ مل کر ذیابیطس کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات اور باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سال ذیابیطس کا عالمی دن ’’ذیابیطس کے خلاف بروقت اقدامات‘‘ کے عنوان سے منایا جا رہا ہے، جو بیماری کی پیچیدگیوں سے بچاؤ کے لیے بروقت اسکریننگ اور طبی علاج کی اہمیت اجاگر کرتا ہے۔
وزیراعظم کے مطابق ذیابیطس دنیا بھر میں صحتِ عامہ کا ایک بڑا چیلنج ہے، جس سے لاکھوں افراد متاثر ہو رہے ہیں۔ پاکستان میں بھی اس مرض کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بروقت تشخیص اور علاج کی سہولیات تک رسائی بڑھانا ضروری ہے۔
شہباز شریف نے بتایا کہ ذیابیطس کی روک تھام اور کنٹرول کے لیے وزیراعظم ذیابیطس روک تھام اور کنٹرول پروگرام مرتب کیا گیا ہے، جس کے تحت وفاقی حکومت نے 6.8 ارب روپے مختص کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد ابتدائی مرحلے میں ذیابیطس کی تشخیص کے لیے اسکریننگ کا دائرہ وسیع کرنا، بنیادی طبی سہولیات بہتر بنانا اور تشخیص و علاج تک عوام کی رسائی بڑھانا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ صحت مند طرزِ زندگی کے فروغ، عوامی آگاہی اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے درمیان مؤثر اشتراکِ عمل کو بھی ترجیح دی جا رہی ہے۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ صحت مند طرزِ زندگی اپنائیں، متوازن اور غذائیت سے بھرپور غذا استعمال کریں، ورزش کو معمول بنائیں اور باقاعدگی سے طبی معائنے اور اسکریننگ کروائیں۔ انہوں نے بروقت مستند معالج سے طبی مشورہ لینے کی بھی اپیل کی۔

WhatsApp
Get Alert