وسیم اکرم نے آسٹریلیا کے ’بال ٹیمپرنگ اسکینڈل‘ پر خاموشی توڑ دی

لاہور(قدرت روزنامہ) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے سینڈ پیپر اسکینڈل میں آسٹریلوی ٹیم کے ملوث ہونے کے معاملے پر اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔
وسیم اکرم کا ویڈیو بیان میں کہنا تھا کہ بولرز کو پتہ ہوتا ہے کہ گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ ہوئی ہے یا نہیں، پیٹ کمنز نے کہا تھا کہ وہ اس میں ملوث نہیں تھے اور نہ ہی سینڈ پیپر کا معلوم تھا۔
سوئنگ کے سلطان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے سے اس تنازع کے بارے میں سن رہا ہوں، میرے دوست پیٹ کمنز نے بھی کہا کہ وہ اس حوالے سے نہیں جانتے، شاید ٹیم کو اس وقت پتہ نہ ہو کہ کیا ہو رہا ہے، یہ میری رائے ہے جو غلط بھی ہو سکتی ہے اور ٹھیک بھی۔
انہوں نے کہا کہ بطور بولر آپ گیند کا خیال کرتے ہیں، گیند کی ایک سائیڈ رگڑنے اور باؤنس ہونے سے اسکریچ پڑ جاتے ہیں، مگر سینڈ پیپر کے اسکریچز گیند کے باؤنس سے بننے والے اسکریچز سے بالکل مختلف ہوتے ہیں۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ بطور تجربہ کار بولر جب گیند ہاتھ میں آتی ہے تو پتہ چل جاتا ہے کہ گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ ہوئی ہے، امید ہے کہ یہ معاملہ حل ہو جائے گا۔
واضح رہے کہ مارچ 2018ء میں جنوبی افریقا کے شہر کیپ ٹاؤن میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان ٹیسٹ میچ کے دوران آسٹریلوی کھلاڑی کیمرون بینکرافٹ کو سینڈ پیپر کے ذریعے گیند کی ساخت تبدیل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کیمرے نے پکڑ لیا تھا۔
اس واقعے کے بعد آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے اس وقت کے کپتان اسٹیو اسمتھ اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنر پر 1 سال جبکہ بینکرافٹ پر 9 ماہ کی پابندی عائد کی تھی۔
حال ہی میں سابق آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ نے اپنی کتاب میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ اس معاملے میں مزید کھلاڑیوں کو بھی اجتماعی ذمے داری قبول کرنی چاہیے۔
