نیشنل پارٹی بلوچستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بن کر ابھرے گی، میر رحمت صالح بلوچ

خضدار (قدرت روزنامہ)نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور بلوچستان اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر میر رحمت صالح بلوچ نے کہا ہے کہ نیشنل پارٹی اپنی واضح سیاسی پالیسی، اصولی مقف اور بلوچستان کے ساحل و وسائل کے دفاع کے عزم کے باعث عوام میں مقبول ہو رہی ہے۔ پارٹی کی بڑھتی ہوئی سیاسی قوت اور عوامی پذیرائی اس بات کا ثبوت ہے کہ اب نیشنل پارٹی کا راستہ روکنا کسی کے بس کی بات نہیں، ان شا اللہ وہ وقت دور نہیں جب نیشنل پارٹی بلوچستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بن کر ابھرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے خضدار پریس کلب میں منعقدہ شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جہاں ٹکری حاجی عبدالصمد محمدحسنی کی قیادت میں سینکڑوں سیاسی کارکنوں، عزیز و اقارب اور مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے نیشنل پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ میر رحمت صالح بلوچ نے نئے شامل ہونے والے افراد کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس پیش رفت کو بلوچستان کی موجودہ سیاسی صورتحال میں تازہ ہوا کا جھونکا قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی واضح نظریاتی سمت، مضبوط سیاسی مقف اور عوامی حقوق کے تحفظ کے ایجنڈے کے ساتھ جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔ بلوچستان کے ساحل و وسائل کا دفاع، قومی حقوق کا تحفظ، جمہوریت کی بالادستی اور عوام کی سیاسی و معاشی محرومیوں کا خاتمہ پارٹی کی بنیادی ترجیحات ہیں۔انہوں نے کہا کہ خضدار کی ضلعی کابینہ اور پارٹی کے مرکزی عہدیداروں کی مسلسل محنت، سیاسی رابطوں اور منظم جدوجہد کے نتیجے میں جھالاوان میں نیشنل پارٹی کو نئی سیاسی تقویت مل رہی ہے۔ حالیہ شمولیتیں اس بات کا اظہار ہیں کہ عوام پارٹی کی سیاسی جدوجہد اور اصولی مقف پر اعتماد کر رہے ہیں۔میر رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ سیاسی کارکن کسی بھی جماعت کا حقیقی سرمایہ ہوتے ہیں اور ان کی شمولیت سے پارٹی کی تنظیمی و سیاسی قوت میں اضافہ ہوتا ہے۔ ٹکری حاجی عبدالصمد محمدحسنی کی قیادت میں سینکڑوں افراد کی شمولیت جھالاوان میں پارٹی کی تنظیمی مضبوطی اور سیاسی سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔انہوں نے نئے شامل ہونے والے ساتھیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ پارٹی کے منشور اور نظریات کے فروغ، عوامی جدوجہد کو آگے بڑھانے اور تنظیم کو مزید فعال و مضبوط بنانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی بلوچستان کے عوام کے حقوق، قومی تشخص اور ساحل و وسائل کے تحفظ کی جدوجہد ہر سطح پر جاری رکھے گی۔
