موبائل صارفین کےلیے اہم خبر، سمز کے حوالے سے پی ٹی اے کا نیا فیصلہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)موبائل سمز استعمال کرنے والوں کے لیے اہم خبر، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ایک شناختی کارڈ پر جاری ہونے والی سمز کی تعداد میں تبدیلی کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔
پی ٹی اے ایک شناختی کارڈ پر جاری ہونے والی وائس سمز کی تعداد 5 سے کم کرکے 3 کرنے کی تجویز کا جائزہ لے رہا ہے، جبکہ ڈیٹا سمز کی حد میں اضافے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
پی ٹی اے حکام کے مطابق اس وقت ایک پاکستانی شناختی کارڈ پر مجموعی طور پر 8 سمز جاری کرنے کی اجازت ہے، جن میں 5 وائس سمز اور 3 ڈیٹا سمز شامل ہیں۔ یہ اجازت ایک عدالتی فیصلے کی روشنی میں دی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ بڑی تعداد میں وائس سمز دستیاب ہونے کی وجہ سے ان کے غلط استعمال اور مختلف اقسام کے سائبر جرائم میں ملوث ہونے کے خدشات بڑھ جاتے ہیں۔
اسی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے وائس سمز کی تعداد کم کرنے کی تجویز زیر غور ہے تاکہ سمز کے غلط استعمال اور سائبر جرائم کی روک تھام میں مدد مل سکے۔
دوسری جانب فائیو جی (5G) سروسز کی مستقبل کی ضروریات کو دیکھتے ہوئے ڈیٹا سمز کی تعداد بڑھانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
تاہم، پی ٹی اے کی جانب سے تاحال اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ یا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔

WhatsApp
Get Alert