عظمیٰ بخاری نے پنجاب حکومت کے طیارے سے متعلق وضاحت جاری کردی

طیارے کی دیکھ بھال پاک فضائیہ کے سپرد کرنا ایک معمول کا انتظامی فیصلہ ہے، پاک فضائیہ پہلے ہی وزیراعظم اور دیگر اعلیٰ حکام کے زیرِ استعمال طیاروں کی دیکھ بھال کر رہی ہے؛ صوبائی وزیر اطلاعات کی ایکس پوسٹ


لاہور(قدرت روزنامہ)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ زاہد بخاری نے پنجاب حکومت کا طیارہ دیکھ بھال کیلئے پاک فضائیہ کے حوالے کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے وضاحت جاری کردی۔
اس ضمن میں جاری کردہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے صوبائی حکومت کے جدید سرکاری طیارے گلف اسٹریم G-500 کا آپریشنل کنٹرول اور دیکھ بھال پاکستان ایئر فورس کے سپرد کرنے کے فیصلے کو ایک معمول کی انتظامی کارروائی قرار دے دیا۔


اس حوالے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کیے جانے والے اپنے ایک مختصر وضاحتی بیان میں انہوں نے سیاسی مخالفین کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی ترقی دیکھ کر مخالفین کے اعصاب پر وزیراعلیٰ مریم نواز سوار ہیں۔
اپنی ایکس پوسٹ میں وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ زاہد بخاری نے بتایا کہ سرکاری طیارے کی دیکھ بھال پاک فضائیہ کے سپرد کرنا کوئی غیر معمولی بات نہیں بلکہ ایک معمول کا انتظامی فیصلہ ہے، پاکستان ایئر فورس پہلے ہی وزیراعظم اور ملک کے دیگر اعلیٰ حکام کے زیرِ استعمال طیاروں کی دیکھ بھال اور آپریشنل امور سرانجام دے رہی ہے۔

WhatsApp
Get Alert