فارم 47 نہیں، انتخابی میدان میں جیت کر اسمبلی پہنچا ہوں، ملک محمد احمد خان

ملک کے دیہی علاقوں کو ترقی کے قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنا ہونگے،سپیکر پنجاب اسمبلی


لاہور(قدرت روزنامہ)سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ انہوں نے متعدد انتخابات میں حصہ لیا اور کامیابی حاصل کی، فارم 47 نہیں بلکہ میدان میں مقابلہ کرکے عوام کے ووٹوں سے جیتا ہوں،ملک کی 70 فیصد آبادی دیہی علاقوں میں رہتی ہے لیکن اسے وسائل اور اختیارات کی تقسیم میں مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان نے کہا کہ وہ خود دیہات کاپس منظر رکھتے ہیں اور دیہات کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں۔ یہ بات بھلا دی جائے کہ وہ اسمبلی کے سپیکر ہیں، میں نے متعدد انتخابات لڑے اور کامیابی حاصل کی، انتخابی میدان میں مقابلہ کرکے جیتا ہوں۔انہوںنے کہا کہ سیاسی جماعتیں اکثر دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والے نمائندوں کو نظر انداز کرتی ہیں تاہم وہ آزاد حیثیت میں بھی عوام کے ووٹوں سے منتخب ہوکر آئے ہیں اور اس بات کی گواہی خواجہ سعد رفیق بھی دے سکتے ہیں۔
ملک محمد احمد خان نے دیہی علاقوں کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج بھی دیہات میں لوگوں کے گھروں تک جانے والے راستے کچے ہیں اور عوام قرضوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔ دیہی سکولوں کی چھتیں ادھوری ہیں، اساتذہ معاشی مشکلات کا شکار ہیں جبکہ بنیادی طبی سہولتوں کا فقدان ہے اور جہاں شفاخانے موجود ہیں وہاں بھی اتائیوں کا راج ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسان کی فصل اور اناج ساہوکاروں کے قبضے میں چلا جاتا ہے جس کے نتیجے میں کاشتکار اپنے ہی گھر میں فاقوں پر مجبور ہے۔ دیہی آبادی کے مسائل کے حل کے لیے ضروری ہے کہ دور بیٹھ کر فیصلے کرنے والی اشرافیہ کے بجائے مقامی لوگوں کو اختیار دیا جائے کہ وہ خود فیصلہ کریں کہ ان کے علاقے، گھر اور بستی کی ضروریات کیا ہیں۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے زور دیا کہ ملک کے دیہی علاقوں کو ترقی کے قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنا ہوں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بہت ہوچکا، نظام کو بہتر انداز میں چلانے اور عوامی مسائل حل کرنے کے لیے مقامی حکومتوں کا آئینی اور جمہوری حق عوام کو واپس دیا جائے۔

WhatsApp
Get Alert