زور زبردستی سندھ کی تقسیم ہوئی توکراچی کی سڑکوں پر خون بہےگا، بلاول کا انتباہ


کراچی(قدرت روزنامہ)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے انتباہ کیا ہےکہ زور زبردستی سندھ کی تقسیم ہوئی تو کراچی کی سڑکوں پرجو خون بہےگا اس پرسوال پوچھے جائيں گے، زور زبردستی صوبےکی تقسیم کریں گے تو عام آدمی ہتھیار اٹھائيں گے اور بات دشمنی تک جائے گی، سسٹم تباہ نہیں ہوا، سسٹم کو تباہ کرایا گیا ہے، سسٹم اگر تباہ ہوا ہے تو اس کا علاج ری سیٹ میں ہے، یہ سیاسی ری سیٹ ہوگا۔
کراچی پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ سسٹم بالکل تباہ ہوچکا ہے لیکن کیوں ہوا ہے اس پر کوئی بات نہیں کر رہا، سسٹم کو ری سیٹ کرنا ہوگا تاکہ حقدار کو اس کا حق مل سکے، میں بھی سسٹم کولیپس ہونے میں ذمہ دار ہوں۔
انہوں نے کہا ہمیں ایک غیر سیاسی نہیں سیاس ری سیٹ کی ضرورت ہے، اگر سسٹم کو سیاسی ری سیٹ کرنا ہے تو آغاز پارلیمان سے کیا جائے، اپوزیشن کو پارلیمان پر بالکل بھی اعتماد نہیں ہے، اپوزیشن کا اعتماد پارلیمان میں بحال کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
ہمیں سیاسی قیدیوں کو آزاد کرنا پڑے گا: بلاول بھٹو
چیئر مین پیپلز پارٹی نے کہا ہمیں سیاسی قیدیوں کو آزاد کرنا پڑے گا، آج نہیں تو کل یہ ہونا ہے، آپ پی ٹی آئی کے پاس جائیں بات کریں، اگر وہ دہشتگردی کے خلاف لڑائی کیلئے تیار ہیں تو گورنر راج ختم ہوسکتا ہے۔ بانی پی ٹی آئی کو سیاسی قیدی سمجھتا ہوں ، جو وزیراعظم بنتا ہے وہ جیل جاتا ہے،کیا یہ مانوں کہ تمام وزرائے اعظم چور تھے یا یہ سیاسی انتقام ہے، وہ دن دیکھنا چاہتا ہوں جب کوئی وزیراعظم بنے تو بعد میں جیل نہ جانا پڑے
فضل الرحمان نے جو کردارپی ڈی ایم میں ادا کیا اس کے بغیر آپ کرسی پر نہ ہوتے: بلاول
بلاول بھٹو نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی ذمہ داری ہے کہ ہم پر تنقید کریں ، حکومت کو مولانا فضل الرحمان کا اعتماد بحال کرنے کی کوشش کرنی چاہیے، مولانا فضل الرحمان نے جو کردارپی ڈی ایم میں ادا کیا اس کے بغیر آپ کرسی پر نہ ہوتے، حکومت پر تنقید کرنا اپوزیشن کی ذمہ داری ہے، انتقامی کارروائیاں بند کی جائیں۔
27 ویں ترمیم جبری اکثریت سے منظور کرائی گئی: بلاول بھٹو
چیئر مین پی پی نے کہا کہ اپوزیشن سے مخصوص نستیں چھین کر دو ترامیم کرالیں، اب تیسری بھی کرانے جارہے ہیں، مکمل اتفاق رائے نہیں تو باہمی رضامندی سے ہم نے 26 ویں ترمیم کرائی، 27 ویں ترمیم اتفاق رائے یا باہمی رضامندی سے نہیں بلکہ جبری اکثریت سے منظور کرائی گئی، 27 ویں ترمیم کے بعد سینئر ججز نے استعفے دیے، ججوں کے استعفوں سے واضح ہوگیا کہ ان کا اب اعتماد نہیں رہا۔ہمیں سب سے پہلے عوام کا اداروں پر اعتماد بحال کرنا ہوگا، ہر ادارے نے جو اعتماد کھویا ہے اسے بحال کیا جانا چاہیے۔
چیئرمین پی پی نے کہا میڈیا کے ساتھ پارلیمان سب سے اہم ادارہ ہے، پارلیمان پاکستان کا طاقت ور ادارہ ہے وہاں اختلاف رائے ہونا چاہیے، ہم پارلیمان میں کسی بھی مسئلے پر اختلاف رائے کرسکتے ہیں، پارلیمان کا مسئلہ یہ ہےکہ اپوزیشن کو ہماری پارلیمان پر اعتماد ہی نہیں، پارلیمان کا اعتماد بحال کرنے کی سب سے بڑی ذمہ داری حکومت کی ہے۔
وزیراعظم کے پاس اتنا اختیار ہونا چاہیےکہ اپنے وزیر کو کنٹرول کرسکیں: بلاول
انہوں نےکہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارا عدالتی نظام ڈیم بنانےکے لیے نہ نکلے، مرض ایک ہو اور علاج دوسرا بتایا جائے تو یہ کیسے ہوسکتا ہے، زور زبردستی بحث کرائی جارہی ہے ، پارلیمان تو دور کی بات ، کابینہ نے بھی اس پر بحث نہیں ہوئی۔ہم نے شہبازشریف کو وزیر اعظم بنایا، میں چاہوں گا کہ وہ کامیاب ہوں، وزیراعظم کے پاس اتنا اختیار ہونا چاہیے کہ اپنے وزیر کو کنٹرول کرسکیں، جب چور دروازوں سے اس طرح کے کام کیے جاتے ہیں توہمیشہ کے لیے نہیں ہوتے، نہ وزیراعظم نے اور نہ ہی کابینہ نے صوبوں سے متعلق کوئی بات کی ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ شاید تاریخ میں ہمارا میڈیا اتنا کمزور نہیں ہوا جتنا آج ہے، آپ ڈرتے ہو کہ اگر سچ بولوں گا تو کارروائی ہوگی تو کیسے کام کرسکیں گے، صحافیوں کے پاس وہ طاقت ہونی چاہیے جو اس کا حق ہے۔
انہوں نے کہا میں نے اپنی زندگی میں اتنے برے معاشی حالات نہیں دیکھے، جس تیزی سے مہنگائی میں اضافہ ہورہا ہے ،گزارہ کیسے ہوگا، فکرمند ہوں غریب اور پسماندہ طبقے کا ان حالات میں کیا ہو گا، پاکستان کے سیاستدان عوام کے مسائل کو بھول چکے ہیں، وہ نفرت اور تقسیم کی سیاست کی بات کررہے ہیں لیکن عوام کے مسائل پر توجہ نہیں دے رہے، پاکستان میں کرپشن بنیادی ایشو ہے،کرپشن ختم کرنے میں کسی کی کوئی دلچسپی نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جب تک الیکشن کمیشن پر اعتماد نہیں ہوگا تب تک الیکشن پر اعتماد نہیں ہوسکتا، پاکستان میں کرپشن ایک بنیادی مسئلہ ہے مگر اس کو حل کرنے پر کوئی توجہ نہیں، پاکستان میں کرپشن کرنے کا سب سے آسان طریقہ ہےکہ ریاست کے ساتھ بیٹھ جائیں، آپ جو بھی کرو مگر ریاست کے ساتھ بیٹھو، آپ کو کوئی کچھ نہیں کہےگا، آج میں تنقید کر رہا ہوں، یہ نہ ہو کہ میں بد عنوان ہوں، ملک دشمن ہوں۔
اگر یہ زور زبردستی کریں گے تو سندھ میں بھائی بھائی کو قتل کرےگا: بلاول
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی ملک میں عوام کی خواہشات، آئین و قانون کے مطابق صوبے بننےکی حمایتی ہے، زور زبردستی اگر سندھ کی تقسیم ہوتی ہے تو کراچی کی سڑکوں پر جو خون بہے گا اس پر سوال پوچھےجائیں گے، زور زبردستی صوبےکی تقسیم کریں گے تو معاشرے میں تقسیم ہوگی اور وہ دشمنی تک جائے گی، عام آدمی ہتھیار اٹھائیں گے اور یہ خون خرابا ایک خون تک محدود نہیں رہےگا، اگر یہ زور زبردستی کریں گے تو سندھ میں بھائی بھائی کو قتل کرے گا، میں خون خرابہ نہیں دیکھ سکتا ہوں،عوام کی تائید سے جو صوبہ بنایا جاتاہے ہم اس کے ساتھ ہیں۔ریفرنڈم کی بات نہیں، نیت کی بات ہوتی ہے، پاکستان کی تاریخ میں غیر جمہوری کام کے لیے ریفرنڈم کرایا گیا، آئین میں طریقہ کارموجود ہے، یہ تجویز دینا بھی ایسا ہےکہ آپ غیر آئینی طریقہ کار تلاش کر رہے ہیں۔
مجھے نہیں پتا کہ محسن بھائی کرنا کیا چاہ رہے ہیں: بلاول
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں پتا کہ محسن بھائی کرنا کیا چاہ رہےہیں، جہاں تک صوبے بنانے کی بات ہے تو مجھ سے بات نہیں کی گئی،اگر صوبے بنانا ہے تو آئینی ، جمہوری اور قانونی طریقہ کار نہیں اپنایا گیا، جو مالی وسائل صوبوں کو ملنے چاہیے وہ نہیں ملے، آپ صوبے کے وسائل پر ڈاکا ڈالتے ہیں، پھر کہتے ہیں صحت کا نظام کیوں کمزور ہے ، سڑک کیوں ٹوٹی ہے،صوبائی حکومتیں نہیں، وفاقی حکومت ذمہ دار ہے کہ پیسا پاکستان کے عوام پر خرچ کیوں نہیں ہورہا، پیٹرولیم لیوی میں صوبوں کا حصہ تقریباً 1.7 ٹریلین روپے بنتا ہے، جو انہیں نہیں مل رہا۔
نئے صوبوں کی تجاویز دینے والے بعض افرادکبھی انتخاب نہیں جیتے: بلاول
ان کا کہنا تھا کہ کراچی کو دارالحکومت بنانے کا فیصلہ بھی ماضی میں زبردستی کیا گیا تھا، ون یونٹ کے قیام کے باوجود سندھ کے عوام نے مزاحمت اور جدوجہد جاری رکھی، میں ایسا فیصلہ کرنا چاہتا ہوں جس پر کل بھی عوام کے سامنے جا کر انتخابات لڑ سکوں، نئے صوبوں کی تجاویز دینے والے بعض افراد کبھی انتخاب نہیں جیتے ان کے سیاسی مستقبل کا انحصار عوامی ووٹ پر نہیں، جہاں عوام کا مطالبہ ہےکہ صوبے بننے چاہئیں وہاں کسی وفاقی وزیر کی توجہ نہیں ہے۔

WhatsApp
Get Alert