کوئٹہ میں سردی کی شدت بڑھتے ہی گیس بحران شدید، فراہمی رات 12 بجے تک بڑھانے کا مطالبہ

رواں سردیوں میں کوئٹہ، زیارت، قلات اور مستونگ سمیت بالائی علاقوں میں درجہ حرارت منفی 12 ڈگری تک گرنے کا خدشہ: محکمہ موسمیات کی پیش گوئی


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں نومبر کا وسط گزرنے کے ساتھ ہی سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے تاہم سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے گیس لوڈشیڈنگ کا پرانا شیڈول برقرار رکھنے پر شہری شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ شہریوں کے مطابق کمپنی کی جانب سے رات 10 بجے سے قبل ہی گیس کی سپلائی منقطع کر دی جاتی ہے جس کے باعث رات کا کھانا پکانے، بچوں اور بزرگوں کے لیے گرم پانی کے انتظام سمیت گھریلو امور کی انجام دہی ناممکن ہو گئی ہے، بالخصوص غریب اور متوسط طبقہ جو مہنگی ایل پی جی یا بجلی کے متبادل آلات خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتا شدید اذیت میں مبتلا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ موسم سرما کی ضروریات کے پیشِ نظر گیس فراہمی کا دورانیہ بڑھا کر رات 12 بجے تک کیا جائے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق سال 2026 کے دوران معمول سے کم بارشوں کے باعث رواں موسم سرما میں سردی کی شدت غیر معمولی طور پر بڑھنے کا امکان ہے۔ پیش گوئی کے مطابق دسمبر 2026 سے مارچ 2027 تک شدید سرد لہر برقرار رہنے کا خدشہ ہے جبکہ کوئٹہ، زیارت، قلات، مستونگ، پشین اور کان مہترزئی سمیت بالائی علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 11 سے منفی 12 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔ شہریوں نے وفاقی و صوبائی حکومت، وزارت توانائی اور سوئی سدرن حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert