بلوچستان میں دہشت گردی دشمن ممالک کی ایماء پر بیانیے کی جنگ ہے، سرورز نئی دہلی، کابل اور تل ابیب سے آپریٹ ہو رہے ہیں: حمزہ شفقات
صوبے کے دو چیف جسٹس صاحبان اور 60 سے زائد وکلاء شہید ہوئے، خواتین فیک نیوز کے خاتمے اور امن کے قیام میں اپنا قومی کردار ادا کریں: ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ بلوچستان محمد حمزہ شفقات نے کہا ہے کہ صوبے میں ہونے والی دہشت گردی دشمن ممالک کی ایماء پر مسلط کردہ محض بیانیے (Narrative) کی جنگ ہے، جسے فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے سرپرست سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلا رہے ہیں اور ان کے سرورز نئی دہلی، کابل اور تل ابیب سے آپریٹ ہو رہے ہیں۔ کوئٹہ میں منعقدہ پانچ روزہ نیشنل ویمن لیڈرشپ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کے ساتھ معصوم شہریوں نے بھی لازوال قربانیاں دی ہیں، جبکہ بلوچستان دنیا کا واحد خطہ ہے جس کے دو چیف جسٹس صاحبان اور 60 سے زائد وکلاء کو دہشت گردوں نے شہید کیا۔
حمزہ شفقات نے کہا کہ جھوٹی خبریں (Fake News) بھی ہمارے لیے ایک بڑا چیلنج ہیں جن کے ذریعے دشمن نہ صرف خوف و ہراس پھیلاتا ہے بلکہ ملکی معیشت کو بھی نقصان پہنچاتا ہے، لہٰذا خواتین پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ منفی پروپیگنڈے کے تدارک اور بلوچستان میں امن کے فروغ کے لیے اپنا قومی کردار ادا کریں۔ انہوں نے مانگی ڈیم حملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم ایک ایسے سفاک دشمن کا مقابلہ کر رہے ہیں جس نے اپنے ہی صوبے کے پولیس اہلکاروں کو زندہ حالت میں تیزاب پلایا تھا، تاہم پوری قوم کے عزم سے وہ دن دور نہیں جب بلوچستان میں مکمل امن کا سورج طلوع ہوگا۔
