ریفرنڈم کرالیں ملک کا وزیراعظم کون ہوگا، شرمیلا فاروقی کا عطاء تارڑ کو چیلنج

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) رکنِ قومی اسمبلی شرمیلا فاروقی کا کہنا ہے کہ براہ راست عوام سے ووٹ لینا ہے تو عطا تارڑ صاحب ریفرنڈم کرالیں ملک کا وزیراعظم کون ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور رکنِ قومی اسمبلی شرمیلا فاروقی نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے نئے صوبوں کے قیام اور ریفرنڈم سے متعلق مسلم لیگ (ن) کے بیانات پر ردِعمل دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کو ٹی وی شوز اور پریس کانفرنسز کے بجائے پارلیمنٹ کے فورم پر لایا جائے جہاں اس کا حتمی فیصلہ ہونا ہے۔
شرمیلا فاروقی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا بھی یہی مؤقف ہے کہ نئے صوبوں کی بحث کو اس فورم پر لایا جائے جہاں فیصلہ ہونا ہے، اس وقت تمام تر بحث صرف پریس کانفرنسز اور ٹی وی پروگرامز تک محدود ہے۔
پی پی رہنما نے کہا کہ نئے صوبوں کا معاملہ پیپلز پارٹی نے نہیں بلکہ مسلم لیگ (ن) نے اٹھایا ہے، لیکن سوال یہ ہے کہ اس پر پارلیمنٹ میں بحث کیوں نہیں کی جاتی؟
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ عوامی مسائل پر بات کرتی ہے، جبکہ مسلم لیگ (ن) نے کب عوامی مسائل پر بات کی؟
ریفرنڈم سے متعلق وفاقی وزیر عطاء اللہ تارڑ کو مخاطب کرتے ہوئے شرمیلا فاروقی نے کہا کہ اگر براہِ راست عوام سے ووٹ لینا ہے تو پھر اس بات پر بھی ریفرنڈم کرا لیں کہ ملک کا وزیرِاعظم کون ہوگا۔
انہوں نے واضح کیا کہ آئین کے اندر ریفرنڈم کی شق بالکل موجود ہے، تاہم جن معاملات پر آئین میں باقاعدہ طریقہ کار درج ہے، ان پر ریفرنڈم کرانے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔
