پاکستان میں ایک شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ سمز کی تعداد کم کرنے پر غور، پی ٹی اے نے اہم فیصلہ کرلیا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے سائبر کرائم اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں موبائل سمز کے غلط استعمال کی روک تھام کے لیے ایک شناختی کارڈ (سی این آئی سی) پر رجسٹرڈ موبائل سمز کی تعداد میں ردوبدل پر غور شروع کردیا ہے۔
پی ٹی اے حکام کے مطابق ایک عام موبائل صارف بیک وقت عموماً دو سے تین وائس سمز استعمال کرتا ہے، جس کے پیش نظر ایک شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ ہونے والی وائس سمز کی زیادہ سے زیادہ تعداد کم کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔
اس اقدام کا بنیادی مقصد جعلی اور غیر ضروری سمز کے استعمال کو محدود کرنا اور انہیں جرائم، فراڈ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں استعمال ہونے سے روکنا ہے۔
دوسری جانب پی ٹی اے وائس سمز کی تعداد کم کرنے کے ساتھ ڈیٹا سمز کی مقررہ حد بڑھانے پر بھی غور کررہی ہے، کیونکہ مستقبل میں انٹرنیٹ کے استعمال میں نمایاں اضافے کا امکان ہے۔
حکام کا خیال ہے کہ پاکستان میں فائیو جی ٹیکنالوجی متعارف ہونے کے بعد ڈیٹا سمز کی طلب میں نمایاں اضافہ ہوسکتا ہے۔ فائیو جی کے ذریعے نہ صرف موبائل فون بلکہ انٹرنیٹ آف تھنگز (آئی او ٹی) کے تحت گاڑیاں، گھریلو برقی آلات اور سکیورٹی سسٹمز سمیت مختلف الیکٹرانک ڈیوائسز بھی انٹرنیٹ سے منسلک ہوں گی۔
ایک شناختی کارڈ پر کتنی سمز رجسٹرڈ ہوسکتی ہیں؟
موجودہ قواعد کے تحت پاکستان میں ایک شہری اپنے شناختی کارڈ پر زیادہ سے زیادہ 8 سمز رجسٹرڈ کراسکتا ہے، جن میں 5 وائس سمز اور 3 ڈیٹا سمز شامل ہیں۔
موجودہ حد کی تفصیلات درج ذیل ہیں:
وائس سمز: 5
ڈیٹا سمز: 3
مجموعی تعداد: 8
تاہم پی ٹی اے نے سمز کی مقررہ تعداد میں مجوزہ تبدیلی کے حوالے سے تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔ اتھارٹی پالیسی میں تبدیلی کو حتمی شکل دینے سے قبل موبائل نیٹ ورک آپریٹرز سے بھی مشاورت کرے گی۔
بائیومیٹرک تصدیق کے حوالے سے پی ٹی اے کی اہم ہدایات
دوسری جانب پی ٹی اے نے شہریوں کو نئی سمز اور دیگر ٹیلی کمیونیکیشن خدمات حاصل کرتے وقت اپنی بائیومیٹرک معلومات کے تحفظ سے متعلق بھی اہم ہدایات جاری کی ہیں۔
اتھارٹی نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے فنگر پرنٹس صرف موبائل نیٹ ورک آپریٹرز کے مجاز کسٹمر سروس سینٹرز، فرنچائزز اور منظور شدہ سیلز آؤٹ لیٹس پر ہی فراہم کریں۔
صارفین کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ بائیومیٹرک معلومات حاصل کرنے کا مقصد ضرور معلوم کریں اور غیر مجاز افراد کے ساتھ اپنے فنگر پرنٹس شیئر کرنے سے گریز کریں۔
جعلی کوریئر کمپنی کے نمائندوں کے نام پر فراڈ کرنے والوں سے خبردار
پی ٹی اے نے شہریوں کو کوریئر کمپنیوں کے نمائندے بن کر ون ٹائم پاس ورڈ (او ٹی پی) حاصل کرنے والے فراڈیوں سے بھی خبردار کیا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق جعلساز شہریوں سے پارسل یا سامان کی ڈیلیوری کے بہانے رابطہ کرتے ہیں اور ڈیلیوری کا عمل مکمل کرنے کے لیے او ٹی پی فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
پی ٹی اے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی نامعلوم کالر یا غیر تصدیق شدہ نمائندے کے ساتھ اپنا او ٹی پی شیئر نہ کریں، خواہ وہ کسی معروف کوریئر کمپنی کا ملازم ہونے کا دعویٰ ہی کیوں نہ کرے۔
اتھارٹی نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی ذاتی اور حساس معلومات فراہم کرنے سے قبل کال کرنے والے کی شناخت کی تصدیق ضرور کریں تاکہ موبائل سمز کے غلط استعمال، مالی فراڈ اور سائبر جرائم سے محفوظ رہ سکیں۔
