بلاول بھٹو جانتے ہیں کہ صوبوں کی آڑ میں کھیل کھیلا جا رہا ہے، صوبائی وزیر سعید غنی

کراچی (قدرت روزنامہ)صوبائی وزیر سعید غنی کا کہنا ہےکہ بلاول بھٹو نے نئے صوبوں کے معاملے پر اپنی رائے کا کھل کر اظہارکیا،وہ جانتے ہیں کہ صوبوں کی آڑ میں کھیل کھیلا جا رہا ہے۔
صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ سب ایک ہی مؤقف اختیار کر رہے ہیں کہ نئے صوبوں کی بات سےخون ریزی ہو جائے گی، صوبے بنانے کا طریقہ آئین میں درج ہے، آئین کی اپنی مرضی سے تشریح نہیں کی جا سکتی، پیپلز پارٹی کا نئے انتظامی یونٹس سے متعلق مؤقف واضح ہے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں نئے صوبے بنانے پر پیپلز پارٹی کو اعتراض نہیں، لیکن سندھ سے نفرت کرنے کا کسی کے پاس کوئی جواز نہیں،سندھ میں نئے صوبوں کی بات کی گئی تو ہمیں بھی اس پر بات کرنے کا حق حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج عام آدمی کی زندگی متاثر ہے اور بعض لوگ نئے صوبے بنانے کی بحث میں لگے ہوئے ہیں، بلاول بھٹو جانتے ہیں کہ صوبوں کی آڑ میں کھیل کھیلا جا رہا ہے، اگر آئینی طریقے سے معاملہ حل نہیں ہو سکتا تو اب ریفرنڈم کی باتیں کی جا رہی ہیں۔
