صوبوں کی تقسیم کوئی شجرِ ممنوعہ نہیں، ملک احمد خان

پارلیمنٹ میں بلاول ترامیم کا کریڈٹ لیتے تھے کہ آئینی عدالت کے قیام سے میثاق جمہوریت کا ایجنڈا مکمل ہوگیا، کل کہہ رہے تھے عدالت نہیں بننی چاہیے تھی، کون سی بات سچ مانوں؟ سپیکر پنجاب اسمبلی کی پریس کانفرنس


لاہور(قدرت روزنامہ)سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ بیانات پر شدید ردعمل دیتے ہوئے نئے صوبوں کے قیام، آئینی ترامیم اور سیاسی قیدیوں کی رہائی کے مطالبات پر سوالات اٹھا دیئے، ان کا کہنا ہے کہ صوبوں کی تقسیم کوئی شجرِ ممنوعہ نہیں ہے، تاہم پیپلز پارٹی کی پالیسی میں واضح تضاد پایا جاتا ہے کہ وہ پنجاب کی تقسیم کی تو حمایت کرتی ہے لیکن سندھ کی تقسیم کے نام پر خون بہنے کی باتیں کی جا رہی ہیں۔
پریس کانفرنس میں سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے بلاول بھٹو زرداری کے کراچی پریس کلب میں دیئے گئے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ میں صدر آصف علی زرداری کو بڑی عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتا ہوں لیکن بلاول بھٹو کی کل کی باتوں پر بہت سی باتیں کرنے والی ہیں جو میں ضرور کروں گا، پیپلزپارٹی کی یہ پوزیشن کیوں ہے کہ سندھ تو تقسیم نہیں ہوسکتا مگر پنجاب میں وہ تقسیم کے حق میں کھڑی ہے؟ انہوں نے کہا سندھ کی تقسیم پر خون بہے گا، تو وہ واضح کریں کہ یہ خون کس بنیاد پر اور کیا سندھ وطنیت پرستی کی بنیاد پر بہے گا؟۔
ملک احمد خان نے اس بات پر زور دیا کہ انتظامی بہتری کے لیے صوبوں کی تقسیم کوئی شجرِ ممنوعہ نہیں ہے، نئے صوبے بنانے کا آئینی و سیاسی اختیار ملک کے سرکردہ سیاسی قائدین کے پاس ہے، جن میں بلاول بھٹو زرداری اور دیگر جماعتوں کے سربراہان شامل ہیں، اس حساس اور اہم قومی معاملے پر محاذ آرائی یا اشتعال انگیز بیانات کے بجائے سیاسی قائدین کے درمیان سنجیدہ بات چیت اور مشاورت ہونی چاہیئے۔
آئینی ترامیم کے حوالے سے چیئرمین پیپلز پارٹی کے مؤقف میں تبدیلی پر تنقید کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ پارلیمنٹ کے فلور پر بلاول بھٹو زرداری ان ترامیم کا بھرپور کریڈٹ لیتے ہوئے یہ کہا کرتے تھے کہ آئینی عدالت کا قیام میثاقِ جمہوریت کا نامکمل ایجنڈا تھا جو اب مکمل ہو گیا ہے لیکن کل وہی بلاول بھٹو کہہ رہے تھے کہ وہ عدالت نہیں بننی چاہیے تھی، عوام اور پارلیمان بلاول بھٹو کی کون سی بات کو سچ مانیں، میں کل پریس کلب والی بات کو یا پھر پارلیمنٹ کے اندر کی گئی تقریر کو سچ مانوں؟۔
بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے سیاسی قیدیوں کی رہائی کے مطالبے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ملک احمد خان نے استفسار کیا کہ کیا 29 ملٹری بیسز یعنی فوجی تنصیبات پر حملہ کرنا کوئی سیاسی سرگرمی تھی؟ انہوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ ریاستی اور عسکری تنصیبات پر حملوں کی منصوبہ بندی اور ان میں براہِ راست ملوث ہونے والا کوئی بھی شخص آخر کس قانون اور ضابطے کے تحت سیاسی قیدی ہو سکتا ہے؟۔

WhatsApp
Get Alert