کراچی کی حالت سامنے ہے، انصاف کا درس دینے والوں کا کردار بھی بے داغ ہونا چاہیے، خواجہ آصف کا بلاول کو جواب

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے سسٹم ری سیٹ کی بات پر پارلیمان میں بحث ضرور ہوگی، تاہم کسی بھی نظام کو اس وقت تک تبدیل یا ری سیٹ نہیں کیا جا سکتا، جب تک اسے عوامی تائید حاصل نہ ہو۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں خواجہ آصف نے بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو نے سسٹم کے خاتمے کی بات کی ہے، انہیں نظام سے وابستہ ہونے کے ناطے اپنی ذمہ داریوں کا بھی جائزہ لینا چاہیے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ سیاست دانوں کا احتساب کوئی نئی بات نہیں اور نہ ہی کوئی اس سے مستثنیٰ ہے۔ بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس یقیناً بہت دھواں دار تھی، تاہم اس میں زیادہ تر موجودہ حکومت اور نظام کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ سیاست دانوں کو عوام سے رجوع کرنے کے طریقہ کار کو چور دروازہ قرار نہیں دینا چاہیے۔ سیاست دانوں کی بنیاد عوامی رائے ہے، اس لیے عوامی استصوابِ رائے کے ساتھ پارلیمان میں بحث پر بھی کوئی پابندی نہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سسٹم ری سیٹ کے معاملے پر پارلیمان میں بحث ضرور ہوگی، لیکن عوام کو ان کے بنیادی حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔ پارلیمان کے ساتھ عوام کی رائے بھی حاصل کی جائے تو یہ قانونی حیثیت کے اعتبار سے بہترین راستہ ہوگا۔
بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ سندھ میں 18 سال سے پیپلز پارٹی کی حکومت ہے اور کراچی کی حالت سب کے سامنے ہے۔ پیپلز پارٹی 2022 سے وفاق میں مسلم لیگ (ن) کی اتحادی بھی ہے، اس لیے یہ سوال بھی اٹھتا ہے کہ سیاسی فائدہ کس کو ہوگا اور نقصان مسلم لیگ (ن) یا پاکستان کو اٹھانا پڑے گا۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ انصاف اور مساوات کا درس دینے والوں کا اپنا کردار بھی بے داغ ہونا چاہیے۔ حکمرانوں کی طاقت عوام کی امانت ہے، کسی کی میراث نہیں۔ ان کے مطابق حکومت کا مقصد عوام کی زندگی بہتر بنانا اور حکمرانی میں ان کی شراکت یقینی بنانا ہونا چاہیے۔
