’زندہ رہوں گا تو بے گناہی ثابت کروں گا‘ عمران خان نے 3 بار یہ جملہ دہرایا، بیرسٹر سلمان صفدر

خط کا ایک ایک لفظ جو عمران خان نے بولا وہ میں نے امانت کے ساتھ تحریر کیا، میرا اس میں اپنا ایک لفظ بھی نہیں تھا کیونکہ ہم نے عمران خان کے کہے ہوئے سب نوٹس بھی لیے تھے؛ عمران خان کے خط پر وضاحت


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے عمران خان کے حالیہ خط کے مندرجات، ان کی صحت کی تشویشناک صورتحال اور جیل میں قیدِ تنہائی کے حوالے سے اہم تفصیلات سامنے رکھ دی ہیں، ان کا کہنا ہے کہ عمران خان کا تحریر کردہ خط ان کی یادداشت پر مبنی نہیں تھا بلکہ ملاقات کے دوران ادا کیے گئے ہر لفظ اور جملے کی لفظ بہ لفظ دستاویزی شکل ہے، جسے سردار لطیف کھوسہ بھی ساتھ ساتھ نوٹ کر رہے تھے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سلمان صفدر نے وضاحت میں کہا کہ خط کا متن ایک مؤکل کی جانب سے اپنے وکیل کے سپرد کی گئی امانت ہے، جسے انہوں نے اسی انداز اور الفاظ میں قلم بند کیا جس طرح عمران خان نے بیان کیا تھا، بانی پی ٹی آئی نے واضح اور دوٹوک ہدایت دی تھی کہ میرا یہ خط چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ، چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان اور ایف سی سی کے چیف جسٹس کو پہنچایا جائے جہاں بشریٰ بی بی اور ان کے اپنے علاج معالجے سے متعلق معاملات اس وقت زیرِ التوا ہیں۔
وکیلِ صفائی نے بتایا کہ ایک گھنٹہ پانچ منٹ جاری رہنے والی ملاقات میں عمران خان نے اپنی قید و بند، قیدِ تنہائی میں گزارے گئے وقت اور وہاں دستیاب و غیر دستیاب سہولیات کی تفصیلات نہایت وضاحت سے بیان کیں، اس مرتبہ بانی پی ٹی آئی نے جس معاملے پر سب سے زیادہ زور دیا وہ ان کا مسلسل بڑھتا ہوا اور بے قابو بلڈ پریشر ہے، عمران خان نے آگاہ کیا کہ دوائیاں بھی اثر نہیں کر رہیں، ان کا بلڈ پریشر بالترتیب 150، 160، 170، 190 اور 192 سے ہوتا ہوا 193 کی ریڈنگ تک ریکارڈ کیا گیا جو کم ہونے کے بجائے 200 کی طرف بڑھ رہا ہے۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے عمران خان کے تشویشناک طبی خدشات ان کے اپنے الفاظ میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے تین اہم جملے کہے کہ ’مجھے برین ہیمرج کا شدید خطرہ لاحق ہے، مجھے ہارٹ اٹیک کا شدید خطرہ لاحق ہے، یہ کہ ڈاکٹروں کے مطابق مسلسل بلڈ پریشر ہائی رہنے کی وجہ سے کسی حد تک ان کا دل پہلے ہی متاثر ہو چکا ہے‘۔
میڈیا ٹاک میں سابق وزیراعظم کے وکیل نے مزید بتایا کہ پوری گفتگو کے دوران عمران خان نے 3 مختلف مواقع پر یہ جملہ دہرایا کہ ’زندہ رہوں گا تو کیسز لڑوں گا اور اپنی بے گناہی ثابت کروں گا‘ انہوں نے وکلاء کے ذریعے ججز تک یہ پیغام پہنچانے کی درخواست کی کہ انہیں اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو اس وقت فوری اور سخت علاج کی ضرورت ہے، آج ان کے بنائے ہوئے ہسپتالوں میں ہزاروں لوگوں کو علاج کی بہترین سہولیات مل رہی ہیں لیکن جب ان کی اپنی باری آئی تو انہیں نہ کوئی ہسپتال میسر ہے، نہ کوئی ڈاکٹر اور نہ ہی معیاری علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔

WhatsApp
Get Alert