میرے کردار سے متعلق جو کچھ کہا گیا وہ معاملہ اللہ پر چھوڑتی ہوں، آج بھی ان رکن اسمبلی (عبدالرحمٰن کھیتران) کا احترام کرتی ہوں: فرح عظیم شاہ
سردار عبدالرحمٰن کھیتران کے وزیر اعلیٰ سے متعلق بیانات سے بلوچستان کو نقصان ہوگا، میر سرفراز بگٹی دہشتگردی کیخلاف جنگ میں فرنٹ لائن سولجر ہیں: بلوچستان اسمبلی اجلاس سے خطاب

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)رکن صوبائی اسمبلی فرح عظیم شاہ نے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے معاشرے میں خواتین کی عزت، مہمان نوازی اور بہادری نہایت اہم روایات ہیں، تاہم میرے کردار کے بارے میں جو کچھ کہا گیا ہے میں وہ معاملہ اللہ تعالیٰ پر چھوڑتی ہوں۔
ایوان میں خطاب کرتے ہوئے فرح عظیم شاہ کا کہنا تھا کہ حالیہ بیانات کے باوجود میں آج بھی متعلقہ رکن اسمبلی کی عزت کرتی ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سردار عبدالرحمٰن کھیتران نے ہمارے وزیر اعلیٰ کے بارے میں جو باتیں کہی ہیں، اس سے بلوچستان کو نقصان پہنچے گا۔
رکن صوبائی اسمبلی فرح عظیم شاہ نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کی کاوشوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان صوبے میں دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں ایک فرنٹ لائن سولجر کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
