ترکیہ کا بغیر پائلٹ لڑاکا طیارہ ’قزل ایلما‘ فوجی بیڑے میں شامل، صدر اردوان کا اعلان

ترکی (قدرت روزنامہ)ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں تیار کردہ جدید بغیر پائلٹ لڑاکا طیارہ ’بائراکتار قزل ایلما‘ ترک مسلح افواج کے فوجی بیڑے میں شامل ہوگیا ہے۔

ترک ڈرون ساز کمپنی بائکار نے جمعرات کو تصدیق کی کہ اس نے قزل ایلما کے پہلے 3 طیارے ترکیہ کی سیکیورٹی فورسز کے حوالے کردیے ہیں۔ یہ پیشرفت طیارے کی پہلی آزمائشی پرواز کے تقریباً 4 سال بعد سامنے آئی ہے۔ اردوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ترک فوج بائراکتار قزل ایلما کے ذریعے یکے بعد دیگرے کامیابیاں حاصل کرے گی۔ بائکار کے مطابق قزل ایلما دنیا کا پہلا بغیر پائلٹ لڑاکا طیارہ ہے جسے باقاعدہ فوجی خدمات میں شامل کیا گیا ہے۔

بائکار نے یہ طیارہ اپنے وسائل سے تیار کیا ہے، جسے فضائی لڑائی کے علاوہ زمینی اور بحری اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے بھی ڈیزائن کیا گیا ہے۔ کمپنی اس کی تیاری ایسے انداز میں بھی کررہی ہے کہ یہ مختصر رن وے رکھنے والے بحری جہازوں سے پرواز اور وہاں لینڈنگ کرسکے۔ طیارے کی لمبائی 14.5 میٹر، پروں کا پھیلاؤ 10 میٹر اور زیادہ سے زیادہ ٹیک آف وزن 8.5 ٹن ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ آواز کی رفتار کے 90 فیصد، یعنی میک 0.9 تک پہنچ سکتا ہے جبکہ مسلسل 3 گھنٹے سے زیادہ فضا میں رہنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

قزل ایلما منصوبے کا اعلان 2021 میں کیا گیا تھا، جبکہ اس کا ابتدائی نمونہ 2022 میں ترکیہ کے شہر سامسون میں منعقدہ ٹیکنو فیسٹ نمائش میں پیش کیا گیا۔ طیارے نے 14 دسمبر 2022 کو شمال مغربی ترکیہ کے شہر چورلو میں پہلی آزمائشی پرواز کی، جو 18 منٹ جاری رہی۔ اپریل 2023 میں اس نے بائکار کے ایکنچی ڈرون کے ساتھ قریبی فضائی ترتیب میں پرواز کی۔ بعد ازاں استنبول میں ٹیکنو فیسٹ کے دوران بھی دونوں طیاروں نے شائقین کے سامنے مشترکہ پرواز کا مظاہرہ کیا۔ 29 نومبر 2025 کو قزل ایلما نے بحیرہ اسود کے ساحل پر شہر سینوپ کے قریب ایک آزمائشی کارروائی کے دوران ترکیہ میں تیار کردہ گوکدوغان فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سے جیٹ انجن والے فضائی ہدف کو نشانہ بنایا۔

دسمبر 2025 میں قزل ایلما کے 2 ابتدائی نمونوں نے چورلو کے اوپر خودکار نظام کے تحت ایک دوسرے کے ساتھ قریبی فضائی ترتیب میں پرواز کی۔ بائکار کے مطابق اس دوران کمپنی کے انجینئرز کے تیار کردہ سافٹ ویئر نے دونوں طیاروں کی نقل و حرکت میں ہم آہنگی پیدا کی اور انہیں پہلے سے طے شدہ راستے پر فضائی نگرانی کے مشن پر بھیجا۔ کمپنی نے اس منصوبے کی تکمیل میں حصہ لینے والی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان ساتھیوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا جو اس کی تیاری کے دوران وفات پا گئے۔ بائکار نے کمپنی کے مرحوم بانی اوزدمیر بائراکتار کی خدمات کو بھی یاد کیا، جنہوں نے ترکیہ کے قومی ٹیکنالوجی مشن کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔

WhatsApp
Get Alert