خیبر پختونخوا حکومت کا غریب دوست فیصلہ، مستحق افراد کو باعزت روزگار دینے کے لیے گرین رکشہ سکیم لانے کا اعلان

پشاور(قدرت روزنامہ)خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے، عام شہریوں کو خود روزگار کے قابل بنانے اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے گرین رکشہ سکیم متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ سکیم کے تحت مستحق افراد کو گرین رکشے چار سال کی آسان اقساط پر فراہم کیے جائیں گے جبکہ حکومت رکشوں کی مجموعی قیمت کا 50 فیصد بطور سبسڈی ادا کرے گی۔
مشیر ٹرانسپورٹ آصف رفیق کے مطابق گرین رکشہ سکیم کا بنیادی مقصد ایسے مستحق شہریوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے جو اپنا کاروبار شروع کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔ حکومت کی جانب سے نصف قیمت کی سبسڈی فراہم کرنے سے شہریوں پر مالی بوجھ کم ہوگا اور وہ آسان اقساط کے ذریعے اپنا روزگار شروع کرسکیں گے۔
آصف رفیق کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت جدید، ماحول دوست اور پائیدار ٹرانسپورٹ نظام کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ گرین رکشہ سکیم بھی اسی پالیسی کا حصہ ہے، جس سے نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ صوبے میں ماحول دوست سفری سہولیات کو بھی فروغ ملے گا۔
مشیر ٹرانسپورٹ نے پشاور ماس ٹرانزٹ بس سروس کی آمدن میں اضافے کے لیے بھی خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے سالانہ دو ارب روپے آمدن کا ہدف مقرر کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماس ٹرانزٹ بس سروس کی آمدن بڑھانے کے لیے مؤثر حکمت عملی تیار کی جائے اور دستیاب وسائل کو بہتر انداز میں استعمال کرتے ہوئے سروس کی مالی کارکردگی بہتر بنائی جائے۔
انہوں نے محکمہ ٹرانسپورٹ میں کرپشن کے خاتمے اور شفافیت کے فروغ کے لیے بھی عملی اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمے کی کارکردگی بہتر بنانے، مالی معاملات میں شفافیت یقینی بنانے اور عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے مؤثر نگرانی اور اصلاحات ضروری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:13 سالہ ملازمہ قتل کیس، معصوم فاطمہ کو استری سے جلایا گیا، جسم پر 20 زخموں کے نشانات ، عدالت میں دل دہلا دینے والے انکشافات
حکومت کے ان اقدامات کا مقصد ایک طرف مستحق شہریوں کو خود روزگار کے مواقع فراہم کرنا اور دوسری جانب صوبے کے ٹرانسپورٹ نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔ گرین رکشہ سکیم کی عملی پیش رفت سے روزگار کے خواہش مند افراد کو براہ راست فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔

WhatsApp
Get Alert