مسٹر ہو یا مولانا، چلتی حکومت گرانے پر معافی مانگیں، چمن و تافتان بارڈر پر تجارت بحال کی جائے: حافظ نعیم الرحمٰن

29 نومبر کو مینارِ پاکستان پر تاریخی جلسہ ہوگا، بلوچستان کی گیس سے ملک روشن مگر مقامی عوام محروم، 47 فیصد بچے اسکولوں سے باہر ہیں: کوئٹہ جلسہ عام سے خطاب


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ریفرنڈم کے ذریعے عوام کی رائے لینے کی باتیں کرنے والے بتائیں جب پہلے عوام نے اپنی رائے دی تو اسے تسلیم کیوں نہیں کیا گیا؟ فارم سینتالیس پر اقتدار پر قبضہ کیا جائے تو عوام اعتماد کیسے کرے گی، مسٹر ہو یا مولانا، انہیں چلتی حکومت گرانے پر معافی مانگنی چاہیے، جبکہ انہوں نے مطالبہ کیا کہ چمن اور تافتان بارڈر پر تجارت بحال ہونی چاہیے۔ کوئٹہ میں “حق دو بلوچستان” جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں کے باعث بلوچستان کے عوام مایوس ہیں، یہاں تعلیم اور امن کا انتہائی فقدان ہے، پاک ایران گیس پائپ لائن پر کام رکنے اور چمن و تافتان بارڈر بند ہونے سے عوام بے روزگار ہو رہے ہیں، گیس بلوچستان سے نکلتی ہے مگر یہاں کے عوام گیس سے محروم ہیں جبکہ سینتالیس فیصد بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ کو سیلوٹ مارنے والے پاک ایران تعلقات پر بات کیوں نہیں کرتے؟ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی انتظامی یونٹس کے خلاف نہیں ہے لیکن حکمرانوں نے بلوچستان کو پانچ سال سے بلدیاتی انتخابات سے محروم رکھا، اسلام آباد میں چھٹی مرتبہ بلدیاتی انتخابات کا اعلان کر کے حکومت پیچھے ہٹ گئی ہے، جبکہ کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں عوام نے جماعت اسلامی کو ووٹ دیے لیکن ان کے حقوق پر ڈاکہ ڈال کر وہاں قبضہ میئر بٹھا دیا گیا۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اقتدار کے مزے لوٹنے والوں نے مل کر چلتی حکومت گرائی، عدم اعتماد کے نام پر انہوں نے ہارس ٹریڈنگ کی اور جب انہیں پورا حصہ نہیں ملتا تو ناراض ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی جرنیل، بیوروکریٹس، جاگیردار اور وڈیروں کا نام نہیں بلکہ پچیس کروڑ عوام کا نام ہے، جبکہ اسٹیبلشمنٹ کی پشت پناہی اسی طبقے کو حاصل ہوتی ہے جو اسی سال سے قابض ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے اعلان کیا کہ انتیس نومبر کو مینارِ پاکستان پر تاریخی جلسہ عام منعقد ہوگا جہاں پورا پنجاب بلوچستان سے اظہارِ یکجہتی کرے گا۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی و امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا ہدایت الرحمان نے کہا کہ ایوانوں میں بیٹھے افراد قوم پرستی کے نام پر اقتدار کے مزے لے رہے ہیں، یہ قوم پرست بلوچوں کی محرومی کے نام پر مراعات لیتے ہیں، تاہم جماعت اسلامی کلاشنکوف سے نہیں بلکہ جمہوری جدوجہد سے ظالموں کا مقابلہ کرتی رہے گی۔

WhatsApp
Get Alert