صوبوں کی تقسیم کے معاملے پر ہر صوبے میں الگ الگ ریفرنڈم کرانے کی تجویز

مقصد صوبوں میں عوام سے الگ الگ رائے لینا ہے کیوں کہ تمام صوبوں کا مشترکہ ریفرنڈم ہونے کی صورت میں پنجاب کی زیادہ آبادی کے باعث ووٹوں کا تناسب متاثر ہو سکتا ہے؛ صحافی عامر الیاس رانا کی گفتگو


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) صحافی و تجزیہ کار عامر الیاس رانا نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام اور اس سے جڑے سیاسی و آئینی مباحث پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے سندھ میں زبردستی صوبے بنانے کی مبینہ باتوں کو محسوس کرتے ہوئے سخت ردعمل دیا، تاہم 24 گھنٹوں میں رجوع اور وضاحتوں کا سلسلہ بھی سامنے آیا، نئے انتظامی یونٹس یا صوبوں کے معاملے پر ریفرنڈم ہوتا ہے تو ہر صوبے کے لیے الگ سوال ترتیب دیا جانا چاہیے کیونکہ مشترکہ سوال کی صورت میں آبادی کا فرق ووٹنگ پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔
ن لیگی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ پرویز سندھیلہ کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران عامر الیاس رانا نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کو کسی مرحلے پر یہ تاثر یا حدت محسوس ہوئی کہ سندھ کے اندر زبردستی صوبے بنانے کی بات ہو رہی ہے، ممکنہ طور پر بعض ساتھیوں نے انہیں دباؤ یا ایسے اشاروں سے آگاہ کیا جن میں نئے صوبوں کی صورت میں عہدوں اور مناصب کی باتیں شامل تھیں، جس کے بعد بلاول بھٹو زرداری نے معاملے کی نزاکت کو بھانپتے ہوئے سخت مؤقف اختیار کیا اور بیانات کے ذریعے اپنا پیغام پہنچایا، تاہم 24 گھنٹوں کے اندر رجوع اور وضاحتیں بھی دیکھنے میں آئیں۔


انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں یا تقسیم کے منصوبوں سے متعلق مباحث میں ریفرنڈم کا پہلو زیرِ بحث ہے، اس حوالے سے تجویز یا گفتگو یہ ہے کہ ہر صوبے کے لیے الگ سوال رکھا جائے، اگر سندھ کے حوالے سے سوال ہو تو یہ واضح ہو کہ آیا وہاں کے لوگ صوبے کی تقسیم چاہتے ہیں یا نہیں؟ اسی طرح دیگر صوبوں کے لیے بھی الگ سوال ہونا چاہیئے، اگر سب کا اکٹھا ریفرنڈم کرایا جائے تو پنجاب کی زیادہ آبادی کے باعث ووٹ کے تناسب میں فرق پڑ سکتا ہے، کراچی اور اندرونِ سندھ کے اپنے آبادیاتی پہلو ہیں اس لیے صوبہ وار بنیادوں پر سوالات مرتب کرنے کی بات ہو رہی ہے۔
تجزیہ کار کا مزید کہنا ہے کہ جب یہ معاملہ عملی سطح کے قریب محسوس ہوا تو بلاول بھٹو زرداری نے اس پر بات کی اور اب اس حوالے سے سیاسی مشاورت اور آمدورفت کا سلسلہ جاری ہے، وزیراعظم کا کراچی کا طے شدہ دورہ مؤخر ہونے اور سیاسی رہنماؤں کی بار بار آمد و رفت نے معاملے کی حساسیت کو نمایاں کر دیا ہے اور چونکہ ملک میں نئے انتظامی ڈھانچے یا صوبوں سے متعلق کسی بھی اقدام پر بحث ناگزیر ہے اس لیے ایسے سوالات سامنے آ رہے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert