پاکستان میں سونے کی قیمت میں کئی روز کی کمی کے بعد بڑا اضافہ

کراچی(قدرت روزنامہ)پاکستان سمیت بین الاقوامی مارکیٹوں میں کئی روز کمی کے بعد فی تولہ سونے اور چاندی کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت 7 ہزار 800 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 84 ہزار 136 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔
10 گرام 24 قیراط سونے کی قیمت 6 ہزار 687 روپے اضافے سے 3 لاکھ 29 ہزار 334 روپے ہوگئی، 10 گرام 22 قیراط سونے کی قیمت 6 ہزار 130 روپے اضافے سے 3 لاکھ ایک ہزار 900 روپے ہوگئی۔
عالمی مارکیٹ میں سونا 78 ڈالر اضافے سے 3 ہزار 616 ڈالر فی اونس کا ہوگیا جبکہ ملک میں فی تولہ چاندی 135 روپے مہنگی ہوکر 4 ہزار 735 روپے ہوگئی، عالمی مارکیٹ میں چاندی 1.35 ڈالر اضافے سے 42.57 ڈالر فی اونس ہوگئی۔
سونا خریدنا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے جس کی قیمت افراط زر، سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے اوقات میں بڑھ جاتی ہے۔
اسے صدیوں سے کرنسی اور دولت کی شکل کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے۔ جب سرمایہ کار دوسرے اثاثوں کے بارے میں غیر یقینی محسوس کرتے ہیں، تو وہ اکثر سونا خریدے ہیں۔
پاکستان میں سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کردی گئی تھی، جس کے تحت سونے کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی گئی۔
