بلوچستان میں چیک پوسٹیں ٹرانسپورٹرز کیلئے عذاب بن گئیں، قلات سنگداس چیک پوسٹ پر بھتہ وصولی شرمناک ہے: ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ
وزیر داخلہ فوری نوٹس لے کر ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کریں، ٹرانسپورٹرز کا مالی استحصال کسی صورت قبول نہیں: وفد سے گفتگو

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) سابق وزیراعلی بلوچستان اور نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں چیک پوسٹیں ٹرانسپورٹرز کیلئے عذاب بن چکی ہیں، قلات سنگداس چیک پوسٹ پر مبینہ بھتہ وصولی ایک شرمناک عمل ہے، صوبائی وزیر داخلہ اس معاملے کا فوری نوٹس لے کر کارروائی کریں تاکہ ٹرانسپورٹرز کو غیر ضروری مشکلات اور مالی استحصال سے نجات مل سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے معروف ٹرانسپورٹر اور آل بلوچستان ٹرانسپورٹرز ایکشن کمیٹی کے جنرل سیکرٹری حاجی میر اکبر لہڑی کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں آل بلوچستان بیروزگار یونین کے صدر میر زبیر لانگو، قیوم بلوچ اور دیگر شامل تھے، جبکہ اس موقع پر معروف سیاستدان اور نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے صدر حاجی عطا محمد بنگلزئی بھی موجود تھے۔وفد نے سابق وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کو ٹرانسپورٹرز کو درپیش مشکلات، چیک پوسٹوں پر مبینہ غیر قانونی وصولیوں اور بالخصوص قلات سنگداس چیک پوسٹ پر بھتہ وصولی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ ان مبینہ وصولیوں کے باعث ٹرانسپورٹرز شدید مشکلات سے دوچار ہیں، جس سے کاروباری سرگرمیوں اور روزگار پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کا شعبہ بلوچستان کی معیشت، عوامی نقل و حرکت اور تجارت میں بنیادی اہمیت رکھتا ہے، ٹرانسپورٹرز کو خوف، دبا اور غیر قانونی وصولیوں کا سامنا کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیک پوسٹوں پر قانون کے مطابق فرائض کی انجام دہی ہونی چاہیے اور کسی بھی اہلکار یا گروہ کو عوام اور ٹرانسپورٹرز سے غیر قانونی رقم وصول کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے صوبائی وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا کہ قلات سنگداس چیک پوسٹ پر مبینہ بھتہ وصولی کا فوری نوٹس لیا جائے، شفاف تحقیقات کرکے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور بلوچستان بھر میں ٹرانسپورٹرز کو درپیش مشکلات کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ قانون کی عملداری اور عوام کا اعتماد برقرار رہ سکے۔
