کاپی ہے یا اتفاق؟ ڈراما ’درِ نجات‘ کے امان گجر کو دیکھ کر لوگوں کو آصف علی زرداری کیوں یاد آگئے؟

لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستانی ڈراما سیریل ’درِ نجات‘ میں امان گجر کا کردار ادا کرنے والے اداکار شہریار منور کو دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین کو صدر آصف علی زرداری یاد آگئے جبکہ ڈرامے کے ایک اور کردار بیلا میں صارفین کو بے نظیر بھٹو کی جوانی کی جھلک دکھائی دینے لگی۔

ڈرامے کے ان دونوں کرداروں نے سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کرلی ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ امان گجر کی شکل و صورت اور انداز آصف علی زرداری سے حیرت انگیز مشابہت رکھتے ہیں جبکہ بیلا کا ہیئر اسٹائل اور حلیہ بے نظیر بھٹو کے نوجوانی کے دور سے ملتا جلتا ہے۔

اس مشابہت پر سوشل میڈیا صارفین دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔ بعض صارفین کا کہنا ہے کہ اگر کبھی آصف علی زرداری کی زندگی پر بائیوپک بنائی گئی تو شہریار منور کو ان کا کردار ادا کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ ڈرامے کی حالیہ قسط میں شہریار منور ماضی کے مناظر میں امان گجر کے روپ میں دکھائی دیے، جس کے بعد ان کے کردار اور آصف علی زرداری سے مشابہت کے حوالے سے سوشل میڈیا پر تبصروں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ صارفین کی جانب سے اس کردار کا موازنہ ابوبکر سے بھی کیا جا رہا ہے۔

شبانہ شوکت لکھتی ہیں کہ امان گجر نے ہوبہو صدر مملکت کو کاپی کیا ہے۔

عریشہ نامی صارف لکھتی ہیں کہ امان گجر کا لُک آصف علی زرداری کی جوانی کے انداز سے متاثر ہو کر اپنایا گیا ہے یا شاید یہ انداز اس وقت کا عام فیشن رہا ہو۔ یا پھر یہ محض ایک اتفاق بھی ہو سکتا ہے؟

دوسری جانب ڈراما ’درِ نجات‘ کو عربی زبان میں ڈب کرکے بین الاقوامی ناظرین کے لیے بھی پیش کیا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert