کوئٹہ کراچی شاہراہ پر کوسٹ گارڈز کی بار بار چیکنگ کے خلاف ٹرانسپورٹرز سراپا احتجاج، کوچز کھڑی کر دیں
مسافروں کو پریشان کرنے اور مبینہ ناروا سلوک کا سلسلہ بند نہ ہوا تو احتجاج مزید سخت کیا جائے گا، ٹرانسپورٹرز کا اعلان

حب (قدرت روزنامہ)کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر کوسٹ گارڈز کی متعدد چیک پوسٹوں پر بار بار چیکنگ اور مبینہ ناروا سلوک کے خلاف بس ٹرانسپورٹ مالکان سراپا احتجاج بن گئے اور احتجاجی کیمپ قائم کر کے اپنی مسافر کوچز کھڑی کر دیں۔ٹرانسپورٹرز نے انتظامیہ اور متعلقہ اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شاہراہ پر مسافر کوچز کو بلاجواز بار بار روکنے، مسافروں کو پریشان کرنے اور ٹرانسپورٹرز کے ساتھ مبینہ توہین آمیز رویہ اختیار کرنے کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے جائز مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاجی تحریک کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے سخت لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا۔
