سندھ یوتھ کارڈ کیا ہے اور اس کے حامل نوجوانوں کو کیا سہولیات میسر آئیں گی؟

کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو نے سندھ یوتھ کارڈ کا اعلان کردیا ہے، جس کے ذریعے صوبے کے نوجوانوں کو اہم سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

سندھ یوتھ کارڈ حکومتِ سندھ کے محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان کا پروگرام ہے، جس کے ذریعے نوجوان ایک ہی کارڈ، بینک اکاؤنٹ اور موبائل ایپ سے تعلیم، ہنر، روزگار، کاروبار، خریداری اور سفر کی سہولتوں تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔

رجسٹریشن کا عمل آج 23 نومبر 2026 سے شروع ہوگا۔ پہلے مرحلے میں سندھ کے تمام 30 اضلاع سے 15 سے 29 سال کی عمر کے ایک لاکھ نوجوانوں کی رجسٹریشن کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ مستقبل میں اس پروگرام کا دائرہ بڑھا کر 10 لاکھ نوجوانوں تک پہنچانے کا ارادہ ہے۔ پروگرام میں نوجوان خواتین، اقلیتی برادریوں اور معذوری کے حامل نوجوانوں کی شمولیت پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔

1۔ بینک اکاؤنٹ اور ڈیبٹ کارڈ
نوجوانوں کو جے ایس بینک کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم زندگی (Zindigi) کے ذریعے بینک اکاؤنٹ، ڈیجیٹل والٹ اور ویزا ڈیبٹ کارڈ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ شناخت کی بائیومیٹرک تصدیق موبائل ایپ کے ذریعے ہوگی۔ اس کارڈ کے ذریعے اے ٹی ایم سے نقد رقم نکالنے کے علاوہ دکانوں اور آن لائن خریداری کی ادائیگیاں بھی کی جا سکیں گی۔ اسکالرشپس، وظائف اور سبسڈی کی رقوم بھی اسی اکاؤنٹ میں وصول کی جا سکیں گی۔

2۔ خریداری اور خدمات پر رعایت
رجسٹریشن کے ساتھ ہی 180 سے زیادہ شریک کاروباری اداروں میں رعایت کی سہولت بھی دستیاب ہوگی، جن میں ریستوران، ملبوسات اور جوتوں کی دکانیں، فارمیسیز، لیبارٹریز، کلینکس، تعلیمی ادارے، کھیل اور تفریحی مراکز شامل ہیں۔

رعایت کی شرح ہر ادارے کی اپنی پیشکش کے مطابق ہوگی۔ تعلیمی خدمات پر اوسطاً 20 سے 40 فیصد جبکہ صحت کی سہولتوں پر 10 سے 15 فیصد رعایت متوقع ہے۔

3۔ اسکالرشپس اور ہنر سیکھنے کے مواقع
نوجوان ایک ہی آن لائن پورٹل کے ذریعے میرٹ اور مالی ضرورت کی بنیاد پر اسکالرشپس کے لیے درخواست دے سکیں گے۔ پروگرام میں سرکاری جامعات کی فیسوں میں رعایت، مالی معاونت، طلبہ کے تبادلے کے پروگراموں اور فنی و ڈیجیٹل تربیت کی سہولیات بھی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ دیہی علاقوں کے باصلاحیت طلبہ اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعلیم حاصل کرنے والی طالبات کے لیے خصوصی وظائف بھی متعارف کرانے کا منصوبہ ہے۔

4۔ سفر میں رعایت
پیپلز بس سروس کے کرایوں میں 20 سے 30 فیصد جبکہ پاکستان ریلویز کے ٹکٹوں پر 20 سے 40 فیصد رعایت دینے کے لیے کام جاری ہے۔

بسوں کے رعایتی ٹکٹ یوتھ کارڈ ایپ کے ذریعے بک کرنے کی تجویز ہے، جبکہ اندرونِ ملک فضائی سفر کے کرایوں میں 5 سے 15 فیصد رعایت آئندہ مرحلے میں متعارف کرانے کی تجویز دی گئی ہے۔

5۔ ملازمت، بامعاوضہ انٹرن شپ اور کاروباری رہنمائی
خصوصی جاب پورٹل کے ذریعے نوجوان شریک اداروں میں ملازمتوں اور بامعاوضہ انٹرن شپ کے لیے درخواستیں دے سکیں گے، جبکہ کیریئر میلوں میں انہیں آجروں سے براہِ راست ملاقات کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا۔

پہلے سال 10 کیریئر میلے منعقد کرنے اور ملازمت کے لیے 2500 سے زیادہ امیدواروں کے نام آجروں کو بھیجنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اپنا کاروبار شروع کرنے کے خواہش مند نوجوان سندھ انٹرپرائز انکیوبیشن سینٹر سے رہنمائی اور ضروری معاونت حاصل کر سکیں گے۔

6۔ بلاسود قرضے اور آسان اقساط
آئندہ مرحلے میں 18 سے 29 سال کی عمر کے اہل نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے کے لیے 10 ہزار سے 5 لاکھ روپے تک بلاسود قرض فراہم کرنے کی تجویز ہے۔ اس منصوبے کی منظوری کی صورت میں قرض پر سود حکومت ادا کرے گی، جبکہ نوجوانوں کو 6 سے 36 ماہ کے دوران صرف اصل رقم واپس کرنا ہوگی۔

مجوزہ شرائط کے مطابق درخواست گزار کے پاس کم از کم 6 ماہ سے فعال یوتھ کارڈ ہونا، کاروبار رجسٹرڈ ہونا، فعال ٹیکس دہندگان کی فہرست میں نام شامل ہونا اور بینک سے قرض کی منظوری حاصل کرنا ضروری ہوگا۔

اس کے علاوہ لیپ ٹاپ، ٹیبلٹ، اسمارٹ فون، موٹر سائیکل، الیکٹرک بائیک اور دیگر کام کے آلات بلاسود اقساط پر خریدنے کی سہولت فراہم کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

WhatsApp
Get Alert