مائنز اینڈ منرل ایکٹ، ایس آئی ایف سی اور 4 ہزار وفاقی آسامیوں سے پشتونوں کو نکالنا ناقابلِ قبول ہے: نواب ایاز جوگیزئی

آٹے کی قیمت تین گنا بڑھ گئی، محمود خان اچکزئی کی تقاریر پر سنسرشپ شرمناک ہے، 2 دسمبر کے جلسے کی تیاریاں تیز کی جائیں: تحصیل صدر کانفرنس سے خطاب


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر وضلع کوئٹہ کے سیکر ٹری سید شراف آغا کے زیر صدارت ضلع کوئٹہ تحصیل صدر کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں تحصیل سیکرٹری نعیم پیر علیزئی نے گزشتہ سیاسی، تنظیمی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ کانفرنس نے رپورٹ کا جائز لیتے ہوئے اس کی منظوری دی۔ کانفرنس سے پشتونخوامیپ کے مرکزی سیکرٹری نواب محمد ایاز خان جوگیزئی، مرکزی ڈپٹی چیئرمین عبدالرؤف لالا، مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال، مرکزی سیکرٹر ی ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان، صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز دارا خان جوگیزئی، جمال خان مندوخیل، ملک یاسین بازئی، ضلع سینئر معاون سیکرٹری معلم سعید خان کاکڑ، ضلع کوئٹہ کے مالیات سیکرٹری ڈاکٹر تواب اچکزئی، منتخب تحصیل صدر اختر خروٹی، سابق تحصیل سیکرٹری نعیم پیر علیزئی نے خطاب کیا۔ سٹیج کے فرائض ضلع کوئٹہ کے سینئر معاون سیکرٹری نصیر کاکڑاورضلعی آفس سیکرٹری نصیب اللہ نیازی نے ادا کی۔ جبکہ تلاوت کلام پاک کی سعادت تحصیل معاون سیکرٹری حاجی اسلام ترہ کئی نے حاصل کی۔ کانفرنس میں صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز سردار ادریس بڑیچ، صورت خان کاکڑ،حضرت عمر ایڈووکیٹ، الحاج سید فیض اللہ آغا، نظام عسکر،نعمت کاکڑ، گل خلجی، حفیظ ترین،حبیب الرحمن بازئی، ضلع کوئٹہ کے ایگزیکٹیوز، ضلع کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔ کانفرنس میں الیکشن کمیشن تشکیل دی گئی جس کے طویل اجلاس کے بعد جمہوری حق رائے دہی کے ذریعے نئے کابینہ کی تشکیل عمل میں لائی گئی۔ جس کے مطابق تحصیل صدر کے صدر کے لیے اختر خروٹی، تحصیل جنرل سیکرٹری میوو خان خلجی، تحصیل اطلاعات سیکرٹری صداقت اچکزئی، تحصیل مالیات سیکرٹری قیوم خان ناصر، تحصیل رابطہ سیکرٹری سلیم خان ناصرجبکہ متین خروٹی، فتح اللہ کاکڑ، سہیل خان پیرعلیزئی، قاسم اچکزئی، انجینئر امیر حمزہ، نور بیدار، فرما ن اللہ کاکڑ، حیات اللہ خان، حاجی اسلام ترہ کئی اور عمران شوکت معاونین منتخب ہوئے۔ نومنتخب کابینہ سے پارٹی کے صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان نے حلف لیا۔ مقررین نے کہا کہ تمام پشتونخوا وطن میں سرکاری سرپرستی میں پراکسیز کے ذریعے جاری دہشت گردی، خوف وہراس، پشتون قوم کے معدنی خزانوں کی لوٹ کھسوٹ کے لیے ہیں۔ اور اسے کسی صورت میں قبول نہیں کیا جائے گا۔ فاٹا کی انضمام کے بعد لاکھوں ٹن سونا، تانبا، کرومائیٹ ودیگر چھ ہزار ارب کے ڈالر کا معدنی دولت نکالا اور لیجایا گیا ہے۔ مائنز ومنرل ایکٹ کے پاس ہونے کے بعد ہمارے صوبے میں بدامنی پھیل گئی ہے۔ جس کی ذمہ داری حکومت اور ایکٹ پاس کرنے والوں پر عائد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں 26ویں اور 27ویں آئینی ترمیمات دراصل میڈیا اور عدلیہ کی آزادی کی پائمالی تھی اور اس کی ذمہ داری حکومت اور قانون پاس کرنے والوں پر عائد ہے۔ ایس آئی ایف سی پاس کرنے سے صوبائی خودمختاری پائمال کی گئی اور صوبائی محکمہ جات کا اختیارات وفاق نے غیر آئینی طور پر چھین لیا ہے۔ مقررین نے کہا کہ پشتونوں پر تمام ملک میں رزق اور روزگار کے دروازے بند کیئے جارہے ہیں، پشتونوں کی تجارت پر قدغنیں انتہائی ڈھٹائی سے جاری ہے، ڈیورنڈ خط کے کاروبار کو بند کیا گیا ہے اور اسی طرح تمام ملک میں پشتونوں کو سرومال کی تحفظ حاصل نہیں۔ صوبے میں سخت ترین بیروزگاری اور بلند ترین مہنگائی کی صورتحال میں وفاق کے کوٹے کے منظور پوسٹوں کی بڑی ڈھٹائی اور بے شرمی سے تقریباً 4ہزار کے قریب پوسٹوں سے پشتونوں کے اضلاع کو نکال دینا اور اس حکومت کو ٹھیک حکومت کہنا دراصل دماغی توازن کھونے کے مترادف ہیں اور اسلام آباد سٹیبلشمنٹ کی آشر باد سے جاری ہے اور اگر اسلام آباد نے اس کا راستہ نہ روکا تو پارٹی احتجاج کی راہ اپنائے گی جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔ مقررین نے کہا کہ غیر منتخب مسلط زروزور کی پیداوار حکومت نے ملکی آئین کو پائمال کرتے ہوئے آئین میں طے شدہ فیڈرل ایشوز اور بنیادی انسانی حقوق، پارلیمنٹ کی خودمختیاری، جمہور کی حکمرانی اور قوموں کی برابری کا حقیقی فیڈریشن کے بنیادوں کو پائمال کرنے اور ملک کے ہمہ جہت بحران روز بروز گہرا ہوتے جارہے ہیں۔ مقررین نے کہا کہ آج صوبہ میں امن وامان ناپید ہوچکا ہے، بجلی اور گیس نہیں ہے، دور دراز علاقوں میں اوربوں کے بجلی لائنوں کے قیمتی تاروں کو نکال کر چوری کیا گیا ہے، صوبہ میں علاج اور تعلیم اور پینے کا صاف پانی لوگوں کو مہیا نہیں۔ حکومت اور اس کے اداروں کے خلاف نفرت اپنی نہج پر پہنچ چکی ہے۔ گزشتہ تین مہنیوں میں آٹے کی قیمت تین گناہ بڑھ گئی ہے اور مسلسل بڑھتی جارہی ہے۔ ملک میں آئین کی بحالی، جمہور کی حکمرانی،پارلیمنٹ کی خودمختاری اور ملک کو قوموں کی برابری کا حقیقی فیڈریشن بنانے کی سیاسی جمہوری جدوجہد نے پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی کو ملک میں جمہوری صف کا عظیم رہبر بنادیا ہے اور آج پارٹی کے تمام کارکنوں کی ذمہ داری ہے کہ ملک اور صوبے کے مخدوش صورتحال میں گھر گھر جاکر پارٹی پیغام پہنچائیں اور عوام کو ملک میں جاری ظلم اور جبر مہنگائی، بیروزگاری اور سرکاری پرستی میں جاری بدامنی کے خلاف لوگوں کو منظم کرنے کی ذمہ داری ادا کرنی ہوگی۔ مقررین نے کہا کہ ہمیں بھی ترقی یافتہ دنیاکی طرح آہستہ آہستہ صحیح حقیقی جمہوریت کی طرف جانا ہوگا، ہرفرد کی رائے کو اہمیت دینی ہوگی۔ ارتقائی عمل کے ذریعے لوگوں میں شعور بڑھنے تک ہمیں محنت کرنی ہوگی۔ قبائلیت سے منفی رویوں رجحانات کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ اور اسی نظام میں بھی بہترین تبدیلیاں لانی ہوگی۔ آج اس کانفرنس میں بیٹھے ہوئے تمام ہم فکر ساتھی ہمارا اثاثہ ہیں اور یہ یہ قریبی خونی رشتہ داروں سے بھی زیادہ اہمیت کے حامل ہیں۔ ہماری پارٹی رہبر جناب محمود خان اچکزئی پورے ملک کے کرورڑوں جمہوریت پسند عوام کے حقیقی لیڈر ہیں ان کی تقاریر کو مسلسل غیرحقیقی،غیر آئینی اور نااہل حکمرانوں کی جانب سے سنسر کیا جاتا ہے۔ محمود خان اچکزئی کے حق کی آواز کو دبانے کے لیے منفی حربے اور ہتکھنڈے استعمال کیئے جارہے ہیں، ملک کے پارلیمان میں اللہ تعالیٰ کے 99نام دیواروں پر کندہ ہیں ان ناموں کے ہوتے ہوئے یہاں کوئی بھی سچ نہیں بول سکتا سوائے محمود خان اچکزئی کے اور جب اپوزیشن لیڈر سچ بولتا ہے تو ان طاقتور قوتوں اور ان کے کاسہ لیسوں کی جانب سے یہ باتیں ہضم نہیں ہو پاتی اس لیے ٹی وی نشریات کو بند کیا جاتا ہے۔ کانفرنس سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منتخب ایگزیکٹیوز کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کو بجاء طور پر امید ہے کہ صدر تحصیل اور ضلع کوئٹہ کی سطح پر تنظیم کو مضبوط بنانے، عوامی رابطہ مہم کے ذریعے پارٹی پیغام گھر گھر پہنچانے، 2دسمبر کو خان شہید عبدالصمد خا ن اچکزئی کی شہادت کی 53ویں برسی کے جلسہ عام کو کامیاب بنانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائینگے۔

WhatsApp
Get Alert