مولانا فضل الرحمٰن کی سیکیورٹی واپس لینے پر بلوچستان اسمبلی میں احتجاج، جے یو آئی اور نیشنل پارٹی کا واک آؤٹ
قائد جمعیت کو کوئی نقصان پہنچا تو ذمہ دار وزیراعظم ہونگے: زابد ریکی، سیکیورٹی اداروں کیخلاف بات کرنا مناسب نہیں: نور محمد دمڑ، ضیاء لانگو

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی سیکیورٹی واپس لینے کا معاملہ زیر بحث آیا، جہاں رکن صوبائی اسمبلی زابد ریکی نے نقطہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے حکومت کے اقدام کو قابل مذمت قرار دیا اور احتجاجا ایوان سے واک آوٹ کرگئے، جبکہ نیشنل پارٹی کے اراکین نے بھی اس معاملے پر احتجاج کرتے ہوئے واک آوٹ کیا۔اجلاس چیئرمین آف پینل ڈاکٹر اشوک کمار کی زیر صدارت نصف گھنٹہ تاخیر سیمنعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران زابد ریکی نے کہا کہ ان کے قائد مولانا فضل الرحمن کی سیکیورٹی ختم کردی گئی ہے، حالانکہ ان پر متعدد مرتبہ قاتلانہ حملے ہوچکے ہیں۔ ایسے حالات میں ان کی سیکیورٹی واپس لینا قابل مذمت ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے قائد کو کوئی نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ داری وزیراعظم پر عائد ہوگی۔ اس کے بعد وہ احتجاجا ایوان سے واک آٹ کرگئے۔اس موقع پر نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کے ساتھ جو کچھ ہورہا ہے وہ افسوسناک ہے، نیشنل پارٹی کے اراکین اس صورتحال پر احتجاجا واک آٹ کرتے ہیں۔ دوسری جانب رکن اسمبلی نور محمد دمڑ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی حفاظت کے لیے اتنی بڑی قربانیاں دینے والے اداروں کے خلاف بات کرنا مناسب نہیں۔ رہنما خواہ کتنا ہی بڑا کیوں نہ ہو، اسے ملکی افواج کے خلاف بات کرنا زیب نہیں دیتا۔صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے ایوان کو بتایا کہ انہیں مولانا فضل الرحمن کی سیکیورٹی کے حوالے سے علم نہیں، تاہم مولانا فضل الرحمن ملک کے ایک زیرک سیاستدان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت ایک نازک دور سے گزر رہا ہے، جب ہم رات کو سکون سے سوتے ہیں تو ہمارے سیکیورٹی ادارے ملک کی حفاظت کے لیے جاگ رہے ہوتے ہیں، ایسے اداروں کے خلاف بات کرنا مناسب نہیں۔
