کراچی تباہ حال ہے سندھ کو 18 ٹریلین ملے کہاں خرچ ہوئے، شہر کو وفاق کے ماتحت لانے کی تجویز ہے، خواجہ آصف

بلاول جس انداز میں بات کر رہے ہیں، اس سے اُن کی اپنی شخصیت متاثر ہو سکتی ہے: خواجہ آصف


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ کراچی اور گوادر کو وفاقی انتظام کے تحت لانے کی تجویز پر بات ہوئی ہے۔ انہوں نے کراچی کی ابتر شہری صورت حال پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ سندھ کو وفاق سے 18 ٹریلین روپے ملنے کے باوجود کراچی کی سڑکوں اور بنیادی سہولتوں کی حالت بہتر نہیں ہو سکی۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ سیاسی معاملات میں انہوں نے یہ سبق سیکھا ہے کہ ہر معاملے میں الجھنا ضروری نہیں ہوتا۔ رانا ثنا اللہ اور محسن نقوی دونوں وفاقی کابینہ کا حصہ ہیں، اس لیے وہ چاہتے ہیں کہ وزیراعظم شہباز شریف دونوں کے درمیان جاری بیان بازی کا سلسلہ ختم کرائیں۔
وزیر دفاع کے مطابق متعدد معاملات پر بات چیت جاری ہے، جنہیں کسی حتمی نتیجے تک پہنچانا ضروری ہے تاکہ اختلافات اور مسائل ختم ہو سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلافات کو مزید بڑھانے کے بجائے منفی گفتگو سے اجتناب کرنا چاہیے۔
27ویں آئینی ترمیم کا ذکر کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ اس ترمیم سے سب سے زیادہ فائدہ صدر مملکت آصف علی زرداری کو پہنچا ہے۔ ان کے بقول بلاول بھٹو کی جانب سے یہ مؤقف اختیار کرنا کہ آئینی ترمیم گن پوائنٹ پر منظور کرائی گئی، انتہائی متضاد بات ہے۔
انہوں نے بلاول بھٹو کے طرزِ گفتگو پر بھی تنقید کی اور کہا کہ وہ جس انداز میں بات کر رہے ہیں، اس سے ان کی اپنی شخصیت متاثر ہو سکتی ہے۔ اگر ان کا یہی رویہ برقرار رہا تو مستقبل میں ان کی سیاسی اہمیت کیا رہ جائے گی؟
کراچی کے مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے سندھ کو ملنے والے وفاقی فنڈز کے استعمال سے متعلق سوال اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ وفاق سے سندھ کو 18 ٹریلین روپے منتقل ہوئے، لیکن کراچی کی حالت سب کے سامنے ہے۔
خواجہ آصف نے سوال کیا کہ 18 ٹریلین روپے وفاق سے سندھ کو گیا وہ کہاں گیا؟ کراچی تو آج تباہ ہے، یونیورسٹی روڈ کا سن سن کر میری عمر گزر گئی کھمبے سڑک کے درمیان لگے ہیں، کراچی اتنا خوبصورت شہر تھا آج اس کی سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں۔
پیپلز پارٹی کی سیاسی پوزیشن کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ پارٹی کو پانچ مقامات پر حکومت حاصل ہے جبکہ وفاقی حکومت میں بھی اس کی شراکت داری ہے، اس کے باوجود وہ خدشات کا اظہار کرتی ہے۔
وزارت دفاع کے معاملات پر بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے تسلیم کیا کہ اس وزارت میں فوج کے مؤقف کو اہمیت دی جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں اس حقیقت سے انکار نہیں، تاہم وزارت کے متعلقہ امور کی تفصیلات فوجی حکام ان سے بہتر جانتے ہیں جبکہ وہ حکومت کے سیاسی معاملات پر توجہ دیتے ہیں۔
آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے وزیر دفاع نے کہا کہ ان کے خیال میں 2029 کے انتخابات ایک نئے نظام کے تحت ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین میں دیگر تبدیلیوں کی ضرورت نہیں، البتہ انتخابی نظام سے متعلق جس آئینی ترمیم کی ضرورت ہوگی، اسی کے مطابق آئندہ انتخابات کرائے جائیں گے۔

WhatsApp
Get Alert