ٹانگوں میں ظاہر ہونے والی یہ 5 علامات دل کی بیماری کا اشارہ ہوسکتی ہیں

لاہور(قدرت روزنامہ)زیادہ تر لوگ سمجھتے ہیں کہ دل کی بیماری صرف سینے میں درد یا سانس پھولنے سے شروع ہوتی ہےاور اچانک طبی ایمرجنسی کی صورت میں سامنے آتی ہے، لیکن ضروری نہیں کہ دل کے مسائل کی ابتدا ہمیشہ سینے ہی سے ہو۔

بعض اوقات جسم کے دوسرے حصوں میں ظاہر ہونے والی معمولی تبدیلیاں بھی دل اور خون کی شریانوں میں خرابی کی ابتدائی علامت ہوسکتی ہیں، جنہیں اکثر لوگ نظر انداز کردیتے ہیں۔

ٹائمز آف انڈیا میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق امریکا سے تعلق رکھنے والے ماہر امراض قلب ڈاکٹر جیریمی لندن نے ایسی ہی 6 غیر معمولی علامات کی نشاندہی کی ہے جو خون کی روانی متاثر ہونے یا شریانوں میں تنگی کی وجہ سے سامنے آسکتی ہیں۔

ماہرین کے مطابق دل اور خون کی شریانوں کی بیماری بعض اوقات طویل عرصے تک واضح علامات ظاہر نہیں کرتی، لیکن جسم میں ہونے والی کچھ تبدیلیاں اس بات کا اشارہ دے سکتی ہیں کہ خون کی گردش معمول کے مطابق نہیں ہورہی۔

ٹانگوں کے اگلے حصے سے بال جھڑنا

ڈاکٹر کے مطابق ٹانگوں کے اگلے حصے، پنڈلیوں، پاؤں یا انگلیوں کے بال گرنا محض ظاہری تبدیلی نہیں ہو سکتی بلکہ یہ پیریفرل آرٹری ڈیزیز کا ابتدائی اشارہ ہو سکتی ہے، جس میں تنگ ہوتی شریانیں ٹانگوں تک خون کا بہاؤ کم کر دیتی ہیں۔

اس کیفیت میں شریانیں تنگ ہوجاتی ہیں اور ٹانگوں تک مناسب مقدار میں خون اور آکسیجن نہیں پہنچ پاتی۔ اس وجہ سے بالوں کی جڑوں کو ضروری غذائیت نہیں ملتی اور بال جھڑنے لگتے ہیں۔ تاہم صرف بال جھڑنے سے اس بیماری کی تصدیق نہیں ہوتی، بلکہ دیگر علامات اور طبی معائنے کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے۔

پاؤں اور ٹخنوں میں سوجن

اگر پاؤں، ٹخنوں یا ٹانگوں کے نچلے حصے میں مسلسل سوجن رہتی ہے تو اس کی وجہ دل کی کارکردگی متاثر ہونا بھی ہوسکتی ہے۔

جب دل جسم میں خون کو مناسب طریقے سے پمپ نہیں کرپاتا تو جسم کے مختلف حصوں میں سیال جمع ہونے لگتا ہے، جس کے نتیجے میں سوجن پیدا ہوسکتی ہے۔ یہ کیفیت بعض اوقات دل کی بیماری کی علامت بھی ہوتی ہے۔

تاہم گردوں کے مسائل، خون کے لوتھڑے اور بعض ادویات کے استعمال سے بھی پاؤں اور ٹخنوں میں سوجن ہوسکتی ہے، اس لیے اصل وجہ جاننے کے لیے ڈاکٹر سے رجوع کرنا ضروری ہے۔

مسلسل تھکاوٹ محسوس ہونا

اچھی نیند لینے کے باوجود ہر وقت تھکاوٹ رہنا یا روزمرہ کے معمولی کام کرتے ہوئے بھی توانائی ختم ہوجانا ایک ایسی علامت ہے جسے نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔

اگر پہلے آسانی سے سیڑھیاں چڑھ لیتے تھے لیکن اب چند سیڑھیاں چڑھنے پر ہی تھکن محسوس ہونے لگے تو اس کی وجہ دل کی کارکردگی میں خرابی ہوسکتی ہے۔ دل کمزور ہونے کی صورت میں جسم کے پٹھوں تک آکسیجن سے بھرپور خون مناسب مقدار میں نہیں پہنچ پاتا، جس سے تھکاوٹ اور کمزوری محسوس ہوتی ہے۔

امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کے مطابق مسلسل اور غیر معمولی تھکاوٹ دل کی کمزوری سے جڑی علامات میں شامل ہوسکتی ہے۔

چلتے ہوئے پنڈلیوں میں درد یا کھنچاؤ

پیدل چلنے یا جسمانی سرگرمی کے دوران پنڈلیوں میں درد، کھنچاؤ یا شدید تکلیف محسوس ہونا بھی خون کی گردش میں خرابی کی علامت ہوسکتی ہے۔

اس کیفیت میں کچھ دیر آرام کرنے سے درد کم ہوجاتا ہے، لیکن دوبارہ چلنے پر تکلیف شروع ہوسکتی ہے۔ اس کی ایک ممکنہ وجہ ٹانگوں کی شریانوں کا تنگ ہونا ہے، جس کی وجہ سے سرگرمی کے دوران پٹھوں کو ضرورت کے مطابق خون نہیں ملتا۔

اکثر لوگ اسے بڑھتی عمر، جوڑوں کے درد یا پٹھوں میں کھنچاؤ کا نتیجہ سمجھتے ہیں، لیکن بار بار ایسا ہونے کی صورت میں طبی معائنہ کروانا ضروری ہے۔

پاؤں ٹھنڈے رہنا، انگلیوں میں سن ہونا اور زخم نہ بھرنا

پاؤں کا غیر معمولی طور پر ٹھنڈا رہنا، انگلیوں میں سنسناہٹ یا بے حسی محسوس ہونا اور پاؤں پر بننے والے زخموں کا دیر سے ٹھیک ہونا بھی خون کی ناقص گردش کی علامات ہوسکتی ہیں۔

جب خون مناسب مقدار میں پاؤں تک نہیں پہنچتا تو وہاں کے ٹشوز کو آکسیجن اور غذائیت نہیں مل پاتی۔ اس وجہ سے زخم بھرنے میں زیادہ وقت لگ سکتا ہے اور بعض صورتوں میں انفیکشن یا السر کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔

کن علامات پر فوری ڈاکٹر سے رجوع کریں؟

ماہرین کے مطابق ان میں سے کسی ایک علامت کا ظاہر ہونا لازمی طور پر دل کی بیماری کی تصدیق نہیں کرتا، کیونکہ ان کی دوسری وجوہات بھی ہوسکتی ہیں۔ تاہم اگر کوئی تبدیلی مسلسل برقرار رہے یا اس کی وجہ واضح نہ ہو تو ڈاکٹر سے معائنہ کروانا چاہیے۔

ضرورت پڑنے پر ڈاکٹر بلڈ پریشر، خون کی گردش اور ٹخنے سے بازو تک بلڈ پریشر کے تناسب کا ٹیسٹ (اے بی آئی) تجویز کرسکتے ہیں، جس سے ٹانگوں کی شریانوں میں تنگی کا پتا لگانے میں مدد ملتی ہے۔

اگر اچانک سینے میں درد، شدید سانس کی تکلیف، بے ہوشی یا غیر معمولی شدید تھکاوٹ محسوس ہو تو انتظار کرنے کے بجائے فوری طبی امداد حاصل کرنی چاہیے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جسم میں ہونے والی معمولی اور غیر معمولی تبدیلیوں پر توجہ دینا اہم ہے، کیونکہ بروقت تشخیص سے دل اور خون کی شریانوں کے مسائل کو سنگین ہونے سے پہلے پہچاننے اور ان کا علاج شروع کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

WhatsApp
Get Alert