صحافتیوں کا منفی درجہ حرارت میں 27 گھنٹے احتجاج کے بعد کوئٹہ احتجاجی کیمپ اختتام پذیر، فائنل پڑاؤ اسلام آباد میں ہوگا: افضل بٹ
پیکا کالا قانون کسی صورت قبول نہیں، بلوچستان میں 12 بیوروز کی بندش صحافیوں کا معاشی قتل اور 32 شہید صحافیوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی: اختتامی خطاب

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی کال پر بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے کوئٹہ پریس کلب کے باہر لگایا گیا دو روزہ احتجاجی کیمپ اختتام پذیر ہو گیا، احتجاجی کیمپ میں پیکا ایکٹ، میڈیا اداروں سے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے خلاف ملک گیر تحریک مزید تیز کرنے کا اعلان کرتے ہوئے آزادی صحافت پر قدغن کسی طور قبول نہ کرنے اور چارٹر آف ڈیمانڈ پر مکمل عمل درامد تک ملک گیر احتجاجی تحریک جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ پی ایف یو جے کا پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کی کال پر بلوچستان یونین آف جرنلسٹس (بی یو جے)کے زیر اہتمام کوئٹہ میں جاری دو روزہ احتجاجی کیمپ اختتام پذیر ہوگیا۔ شدید سردی اور منفی درجہ حرارت کے باوجود صحافیوں نے مسلسل 27 گھنٹے احتجاجی کیمپ میں موجود رہ کر آزادی صحافت، آزادی اظہار، صحافیوں کے تحفظ، معاشی حقوق کے حصول اور پیکا ایکٹ کے خلاف اپنے عزم کا اظہار کیا۔ احتجاجی کیمپ میں صدر پی ایف یو جے افضل بٹ، صحافتی تنظیموں کے رہنماں، سیاسی جماعتوں کے نمائندوں، سول سوسائٹی، ٹریڈ یونینز، خواتین صحافیوں اور بلوچستان بھر سے آئے صحافیوں و میڈیا ورکرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔احتجاجی کیمپ کے اختتامی خطاب میں پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نے بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کی قیادت، کوئٹہ پریس کلب کے عہدیداروں کو کامیاب احتجاجی کیمپ کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ شدید سردی اور منفی درجہ حرارت کے باوجود صحافیوں کا 27 گھنٹے تک احتجاجی کیمپ میں موجود رہنا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ بلوچستان کے صحافی اپنے حقوق کے لیے فیصلہ کن جدوجہد کرنے کو تیار ہیں۔ پی ایف یو جے کی تحریک صرف صحافیوں کی تحریک نہیں بلکہ یہ پاکستان کے 25 کروڑ عوام کی تحریک ہے، کیونکہ آزادی اظہار اور معلومات تک رسائی ہر شہری کا بنیادی آئینی حق ہے۔انہوں نے کہا کہ 1950 سے آج تک جب بھی ملک میں آزادی اظہار پر قدغن لگانے کی کوشش کی گئی، پی ایف یو جے نے اس کے خلاف آواز بلند کی پاکستان کے آئین ہر شہری کو اظہار رائے کی آزادی دیتا ہے اور عوام کو یہ جاننے کا حق حاصل ہے کہ ان کے ٹیکسوں سے تنخواہیں لینے والی حکومت کیا اقدامات کر رہی ہے اور ادارے کیا کر ہے ہیں سنسرشپ کا بنیادی مقصد عوام کو حقائق سے بے خبر رکھنا اور ان کی آواز کو دبانا ہے، تاہم اب آزادی اظہار کا مسئلہ صرف صحافیوں تک محدود نہیں رہا بلکہ موبائل فون استعمال کرنے والا ہر شہری بھی اس حق کے تحفظ کی بات کر رہا ہے۔افضل بٹ نے کہا کہ صحافتی تنظیمیں اور جعلی خبروں اور مادر پدر آزاد میڈیا اور سوشل میڈیا پر لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے کے خلاف ہیں، لیکن پیکا ایکٹ ایک غلط اور کالا قانون ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ پارلیمنٹ میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ صحافتی تنظیموں کے ساتھ بیٹھ کر اس معاملے کا حل نکالیں۔ صحافی مادر پدر آزادی نہیں چاہتے بلکہ آئین میں دیے گئے آزادی صحافت کے حق کا تحفظ چاہتے ہیں۔انہوں نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے طریقہ کار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پہلے صحافی کو اٹھایا جاتا ہے اور بعد میں اس کے خلاف ایف آئی آر درج کی جاتی ہے، جو ایک مضحکہ خیز عمل ہے۔ پی ایف یو جے 3 نومبر سے پیکا ایکٹ، صحافیوں اور میڈیا ورکرز اور بلوچستان میں بیورو دفاتر کی بندش کے خلاف تحریک چلا رہی ہے اور صحافیوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔پی ایف یو جے کے صدر نے بلوچستان میں صحافیوں کو درپیش معاشی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں ایک صحافی کو اتنی اجرت بھی نہیں دی جاتی جتنی سرکاری سطح پر ایک خاکروب کو ملتی ہے۔ بلوچستان میں 12 بیوروز کی بندش صحافیوں کا معاشی قتل ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ بلوچستان میں صحافیوں پر ایسی پابندیاں کیوں عائد کی گئی ہیں کہ وہ کسی تاجر کے حوالے سے خبر بھی نہیں دے سکتے؟ صحافیوں کے فون ریکارڈ کیے جاتے ہیں اور ان پر دہشت گردوں سے روابط کے الزامات عائد کیے جاتے ہیں، حالانکہ بلوچستان کا صحافی اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر دنیا کو صوبے کے حالات سے آگاہ کرتا ہے۔افضل بٹ نے کہا کہ بدقسمتی سے اب تک بلوچستان کے 32 صحافی اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران جانیں قربان کر چکے ہیں۔ حکومت کی ذمہ داری تھی کہ وہ ان صحافیوں کے خاندانوں اور خطرات سے دوچار دیگر صحافیوں کے تحفظ اور انشورنس کے لیے مثر اقدامات کرتی، لیکن افسوس کہ صحافیوں کی آواز دبانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جن علاقوں میں امن و امان کی صورتحال خراب ہے وہاں صحافیوں کی حفاظت اور انشورنس کو یقینی بنایا جائے۔ صحافی اپنی زندگی خطرے میں ڈال کر عام آدمی کے مسائل اجاگر کرتے ہیں، اس لیے وہ عزت، تحفظ اور بہتر معاشی حالات کے حق دار ہیں۔انہوں نے اعلان کیا کہ کراچی اور کوئٹہ میں کامیاب احتجاجی کیمپوں کے بعد لاہور اور ملک کے دیگر شہروں میں بھی اسی نوعیت کے احتجاجی دھرنے دیے جائیں گے، جبکہ اس تحریک کا آخری اور فیصلہ کن پاور شو اسلام آباد میں ہوگا۔ افضل بٹ نے کہا کہ سول سوسائٹی، مزدور تنظیموں اور صحافیوں کو مل کر آزادی اظہار الائنس تشکیل دینا چاہیے تاکہ ملک گیر سطح پر مشترکہ جدوجہد کی جا سکے۔ جب یہ اتحاد اسلام آباد کی جانب پیش قدمی کرے گا تو یہ صرف صحافیوں یا فوٹو جرنلسٹس کی آواز نہیں بلکہ پوری قوم کی آواز ہوگی۔ جب تک پی ایف یو جے کا چارٹر آف ڈیمانڈ منظور نہیں کیا جاتا، اسلام آباد میں دھرنا جاری رکھا جائے گا۔اس موقع پر بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدر منظور احمد رند نے خطاب کرتے ہوئے احتجاجی کیمپ میں شریک صحافیوں کے جوش و جذبے کو سراہا اور کہا کہ جس عزم اور حوصلے کا مظاہرہ بلوچستان کے صحافیوں نے اس احتجاج کے دوران کیا ہے وہ قابل تعریف ہے۔ خواتین صحافیوں کی احتجاجی کیمپ میں شرکت بھی حوصلہ افزا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے صحافی اس تحریک کی کامیابی تک اپنا جذبہ اور جدوجہد برقرار رکھیں گے اور مرکز کی جانب سے دی جانے والی ہر کال پر لبیک کہا جائے گا۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ صحافی اسلام آباد میں اس تحریک کو کامیاب بنا کر واپس لوٹیں گے۔کوئٹہ پریس کلب کے صدر عرفان سعید نے احتجاجی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کامیاب احتجاجی کیمپ اور دھرنا بلوچستان کے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا معاشرے کی آنکھ اور کان کا کردار ادا کرتا ہے، لیکن افسوس کہ آج اسی آنکھ اور کان کو بند کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ آزاد میڈیا کے بغیر معاشرے کو درپیش مسائل اور حقائق عوام تک پہنچانا ممکن نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ صحافیوں کی احتجاجی تحریک اسی جوش و جذبے کے ساتھ جاری رہے گی اور آزادی صحافت کے تحفظ کے لیے جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹا جائے گا۔احتجاجی کیمپ سے پی ایف یو جے کے سنیئر نائب صدر نور الہی بگٹی ، کوئٹہ پریس کلب کے جنرل سیکرٹری ایوب ترین ، بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے جنرل سیکرٹری شاہ حسین ترین اور دیگر سنیئر صحافیوں نے بھی خطاب کیا ۔ کیمپ کے دوران حکومتی وفد، سیاسی رہنماں، سول سوسائٹی کے نمائندوں، ٹریڈ یونینز اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے کیمپ کا دورہ کیا اور صحافیوں کے مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے ان سے اظہار یکجہتی کیا۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں سے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی بھرپور شرکت نے احتجاجی کیمپ کو صوبائی سطح پر ایک مثر صحافتی احتجاج کی شکل دی۔ دو روزہ احتجاجی کیمپ کے اختتام پر صحافتی قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آزادی اظہار، آزادی صحافت، صحافیوں کے تحفظ اور معاشی حقوق کے حصول تک ملک گیر احتجاجی تحریک جاری رکھی جائے گی احتجاجی دھرنے سے وزیراعلی بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند، جمعیت علما اسلام نظریاتی کے مرکزی امیر مولانا عبدالقادر لونی، عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی، جمعیت علما اسلام کے عبدالصمد حقیار، متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما عمران کاکڑ، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما قادر نائل، انسانی حقوق کمیشن بلوچستان چیپٹر کے چیئر پرسن ظہور احمد شاہوانی ایڈووکیٹ، پروفیسر ٹیچنگ اسٹاف ایسوسی ایشن کے صدر سرجن ڈاکٹر عبداللہ خان اچکزئی، پاکستان یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری پیر محمد کاکڑ، نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر میر شاویز حاصل بزنجو، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر حئی بلوچ ، الائیڈ ہیلتھ آرگنائزیشن بلوچستان کے صدر جمال شاہ کاکڑ اور نیشنل لیبر فیڈریشن بلوچستان کے صدر ارشد یوسفزئی سمیت دیگر رہنمائوں نے بھی شرکت کر کے صحافیوں کی جانب سے ملک گیر اس احتجاجی تحریک کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے اسے صحافی برادری کے حقوق کی آواز قرار دیا۔
