مولانا فضل الرحمٰن کو لاہور میں نظر بند کرنا اور بار کونسل سے خطاب سے روکنا حکومتی بوکھلاہٹ ہے: جے یو آئی

پنجاب میں کارکنوں کی گرفتاریاں اور کاروباری مراکز کی بندش آمرانہ طرزِ عمل ہے، غیر قانونی پابندیاں فوری ختم کی جائیں: لورالائی احتجاجی جلسے سے مولانا عبدالواسع و دیگر کا خطاب


لورالائی (ڈیلی قدرت کوئٹہ) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمٰن کو لاہور میں ان کی رہائش گاہ تک محدود کرنے اور لاہور بار کونسل سے خطاب سے روکنے کے خلاف لورالائی میں جمعیت علماء اسلام کے زیر اہتمام بھرپور احتجاجی مظاہرہ اور جلسہ منعقد ہوا، جس میں کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہوئے حکومتی اقدامات کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ احتجاجی جلسے سے جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر و سینیٹر حضرت مولانا عبدالواسع، صوبائی جنرل سیکرٹری آغا محمود شاہ، حافظ محمد یوسف، اپوزیشن لیڈر میر یونس عزیز زہری، مولانا کمال الدین حاجی اصغر خان ترین، حاجی محمد نواز خان کاکڑ، حاجی غوث اللہ، حاجی منظور احمد مینگل،حاجی فضل قادر منوخیل، ڈاکٹر محمد نواز حاجی دین محمد سیگئ،مولانا محمد امین زاہد، عطاء اللہ کاکڑ اور دیگر صوبائی قائدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمٰن کو لاہور بار کونسل جیسے آئینی و قانونی فورم پر خطاب سے روکنا حکومتی بوکھلاہٹ اور جمہوری آزادیوں پر حملہ ہے، سیاسی اختلافات کا جواب انتظامی جبر، گرفتاریوں اور غیر قانونی پابندیوں سے دینا آمرانہ طرزِ عمل ہے۔ مقررین نے پنجاب میں جمعیت علماء اسلام کے کارکنوں کی گرفتاریوں، کاروباری مراکز کی غیر قانونی بندش، شہریوں کو روزگار سے محروم کرنے اور آزادانہ نقل و حرکت پر قدغن لگانے کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات آئین، قانون، بنیادی انسانی حقوق اور شہری آزادیوں کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جمعیت علماء اسلام اپنے قائدین، کارکنوں اور جمہوری و آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر قانونی اور جمہوری فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی، حکومت فوری طور پر غیر قانونی پابندیاں ختم کرے، گرفتار کارکنوں کو رہا کرے اور شہریوں کے کاروبار، روزگار اور آزادانہ نقل و حرکت میں حائل رکاوٹیں دور کرے۔

WhatsApp
Get Alert