ایران؛ شادی سے پہلے حاملہ ہونے پر والدین کے ہاتھوں 19 سالہ بیٹی کا لرزہ خیز قتل

ایران (قدرت روزنامہ)ایران میں دو ماہ کی حاملہ 19 سالہ لڑکی کو مبینہ طور پر اس کے والدین نے پہلے تشدد کا نشانہ بنایا پھر مرگی کی 30 گولیاں کھلانے کے بعد تکیے سے دم گھونٹ دیا۔

عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ واقعہ ایران کے مغربی شہر سنندج میں پیش آیا جہاں حلیہ فتاحی نامی لڑکی نے گزشتہ ہفتے اپنے اہل خانہ کو بتایا تھا کہ وہ ایک نوجوان سے تعلق کے نتیجے میں دو ماہ کی حاملہ ہے۔

انسانی حقوق کی تنظیم ہینگاؤ نے بتایا کہ لڑکی کے والد وریا فتاحی اور والدہ لیلا ویسی نے ہفتے کے روز پہلے عدالت میں اس کے خلاف شکایت درج کرائی اور گھر واپس آنے کے بعد اسے مرگی کی تقریباً 30 گولیاں زبردستی کھلائیں۔

تاہم جب والدین کو معلوم ہوا کہ لڑکی ابھی زندہ ہے تو اسپتال لے جانے کے بجائے منہ پر تکیہ رکھ کر اس کا دم گھونٹ دیا۔ پولیس کو دیئے گئے بیان میں والدین نے قتل کی وجہ غیرت قرار دیا۔

ایران انٹرنیشنل کے مطابق صوبے کے محکمہ جرائم کے سربراہ نے بھی والدین کے دورانِ تفتیش اعترافِ جرم کی تصدیق کی تاہم پولیس نے واقعے کی وجہ خاندانی تنازع قرار دی ہے۔

ہینگاؤ اور ہانا نامی انسانی حقوق کی تنظیموں نے قتل کی مذمت کرتے ہوئے خواتین کے تحفظ کے مؤثر قوانین نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

یہ واقعہ ایران میں ایک ہفتے کے دوران نوجوان خواتین کے قتل کا تیسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل 23 سالہ صدف حق بین کو سالگرہ کی تقریب میں سابق دوست نے گولی مار کر قتل کردیا تھا جبکہ 16 سالہ سوگند سیدی کی عمارت کی پانچویں منزل سے گرنے کے بعد موت ہوئی تھی۔

WhatsApp
Get Alert