خلا میں خلاباز زندگی کیسے گزارتے ہیں؟ کھانے، سونے سے لے کر واش روم استعمال کرنے تک کا دلچسپ احوال

بیجنگ (قدرت روزنامہ)پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی کی چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر کامیاب آمد کے بعد پاکستانی عوام میں خلائی زندگی کے حوالے سے دلچسپی بڑھ گئی ہے۔ خلا میں خلاباز کیا کھاتے ہیں، پانی کیسے پیتے ہیں، واش روم کیسے استعمال کرتے ہیں، کہاں سوتے ہیں اور زمین سے سیکڑوں کلومیٹر دور اپنا وقت کیسے گزارتے ہیں؟ یہ وہ سوالات ہیں جن کے جوابات انتہائی دلچسپ ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 40 سالہ پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی چینی خلابازوں کے ہمراہ شینژو 24 مشن کے ذریعے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پہنچ گئے ہیں، جہاں ان کا تقریباً پانچ روز قیام متوقع ہے۔
خلائی اسٹیشن کے اندر کتنی جگہ ہوتی ہے؟
زمین سے تقریباً 400 کلومیٹر کی بلندی پر گردش کرنے والا چین کا تیانگونگ خلائی اسٹیشن تین بنیادی حصوں پر مشتمل ہے۔
اس کے اندر خلابازوں کے رہنے اور کام کرنے کے لیے تقریباً 110 مکعب میٹر جگہ دستیاب ہے۔
خلائی اسٹیشن میں سونے، کھانا کھانے، ورزش کرنے، سائنسی تجربات اور ذاتی صفائی کے لیے مخصوص حصے موجود ہیں۔ اسٹیشن عام حالات میں تین خلابازوں کی رہائش کے لیے استعمال ہوتا ہے تاہم عملے کی تبدیلی کے دوران چھ خلاباز بھی یہاں بیک وقت قیام کر سکتے ہیں۔
خلا میں خلاباز زمین کی طرح چلنے کے بجائے ہوا میں تیرتے ہوئے ایک جگہ سے دوسری جگہ جاتے ہیں۔ دیواروں پر نصب خصوصی دستے انہیں حرکت کرنے اور کام کے دوران اپنی جگہ برقرار رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔
خلا میں خلاباز کیا کھاتے اور پانی کیسے پیتے ہیں؟
چینی خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر تقریباً 200 اقسام کی غذائیں دستیاب ہیں، جن میں چاول، سبزیاں، گوشت، مختلف روایتی چینی کھانے اور میٹھے بھی شامل ہیں۔
خلابازوں کے لیے کھانا خصوصی پیکٹوں میں تیار کیا جاتا ہے۔ بعض غذاؤں میں خشک کرنے کے بعد دوبارہ پانی شامل کیا جاتا ہے جبکہ تیار کھانوں کو خصوصی آلات میں گرم کیا جا سکتا ہے۔ خلائی اسٹیشن پر کھانا پکانے کے لیے جدید گرم ہوا والا اوون بھی موجود ہے۔
خلا میں عام گلاس سے پانی پینا مشکل ہوتا ہے کیونکہ پانی نیچے گرنے کے بجائے چھوٹے چھوٹے گول قطروں کی صورت میں تیرنے لگتا ہے۔
اسی لیے خلاباز مخصوص بند تھیلیوں اور نلکیوں کے ذریعے پانی، چائے اور دیگر مشروبات پیتے ہیں۔
کھانے کے ذرات کو بھی ہوا میں پھیلنے سے روکنا ضروری ہوتا ہے کیونکہ وہ حساس آلات کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
خلاباز واش روم کیسے استعمال کرتے ہیں اور نہاتے کیسے ہیں؟
خلا میں واش روم کا استعمال زمین کی نسبت خاصا مختلف ہے۔
ناسا کے مطابق خلائی بیت الخلا میں پانی کے روایتی فلش کے بجائے ہوا کے دباؤ سے فضلہ کھینچنے والا نظام استعمال کیا جاتا ہے، جو کسی حد تک ویکیوم کلینر کی طرح کام کرتا ہے۔
پیشاب کے لیے خصوصی نلکی اور قیف استعمال کی جاتی ہے جبکہ ٹھوس فضلے کے لیے علیحدہ انتظام ہوتا ہے۔ خلاباز اپنے پاؤں مخصوص جگہ پر جما کر بیٹھتے ہیں تاکہ وہ ہوا میں تیرنے نہ لگیں۔
خلائی اسٹیشنوں پر پیشاب، پسینے اور ہوا میں موجود نمی سے حاصل ہونے والے پانی کو جدید مشینوں کے ذریعے صاف کرکے دوبارہ قابل استعمال بنایا جا سکتا ہے۔
خلا میں روایتی انداز میں نہانا بھی آسان نہیں۔ خلاباز جسم کی صفائی کے لیے گیلے تولیے، خصوصی صابن اور ایسا شیمپو استعمال کرتے ہیں جسے دھونے کے لیے زیادہ پانی درکار نہیں ہوتا۔
بستر کے بغیر نیند، ورزش اور فارغ وقت کی سرگرمیاں
خلا میں سونے کے لیے عام بستر کی ضرورت نہیں ہوتی۔ خلاباز خصوصی سلیپنگ بیگ میں سوتے ہیں جنہیں مقررہ جگہ پر باندھ دیا جاتا ہے تاکہ نیند کے دوران ان کا جسم تیرتا ہوا کسی آلے سے نہ ٹکرائے۔
زمین کے گرد گردش کے دوران خلاباز 24 گھنٹوں میں تقریباً 16 مرتبہ سورج طلوع اور غروب ہوتے دیکھ سکتے ہیں، اس لیے سونے اور جاگنے کا باقاعدہ شیڈول مقرر کیا جاتا ہے۔
خلا میں طویل قیام کے دوران ہڈیاں اور پٹھے کمزور ہونے لگتے ہیں۔ اس سے بچنے کے لیے خلاباز روزانہ تقریباً دو گھنٹے یا اس سے زیادہ ورزش کرتے ہیں۔ خلائی اسٹیشن پر خصوصی ٹریڈمل، ورزش کی سائیکل اور دیگر آلات نصب ہوتے ہیں۔
اپنے فارغ وقت میں خلاباز فلمیں دیکھ سکتے ہیں، موسیقی سن سکتے ہیں، کتابیں پڑھ سکتے ہیں اور زمین پر موجود اپنے اہل خانہ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
کھڑکی سے زمین کا نظارہ کرنا اور اس کی تصاویر بنانا بھی خلابازوں کی پسندیدہ سرگرمیوں میں شامل ہے۔
پاکستانی خلاباز ذیشان علی اپنے خلائی قیام کے دوران مختلف سائنسی تجربات بھی کریں گے، جن میں خوردبینی آبی کائی سے خوراک اور آکسیجن حاصل کرنے کے امکانات اور کینوا کے بیجوں پر خلائی ماحول کے اثرات کا جائزہ شامل ہے۔
ان تجربات سے حاصل ہونے والی معلومات مستقبل کے طویل خلائی سفر اور خلا میں انسانی زندگی کو برقرار رکھنے کے لیے تحقیق میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔
