پیدائش، وفات اور شادی کے سرٹیفکیٹس کے لئے بائیومیٹرک! نیا نظام نافذ

اسلام آباد (ـقدرت روزنامہ) نادرا نے پیدائش، موت، شادی اور طلاق کے اندراج کے لیے منتخب اضلاع کی یونین کونسلوں میں بائیومیٹرک تصدیق کا نیا نظام نافذ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پیدائش، موت، شادی اور طلاق کے اندراج کے عمل کو مزید شفاف بنانے کے لیے ملک کے منتخب اضلاع کی یونین کونسلوں میں بائیومیٹرک تصدیق کا نظام متعارف کرا دیا ہے۔

نئے نظام کے تحت درخواست گزاروں کو سرٹیفکیٹ کے اجراء سے قبل بائیومیٹرک تصدیق مکمل کرنا ہوگی۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد جعلی، بوگس یا غیر قانونی سرٹیفکیٹس کے اجراء کی روک تھام اور سول رجسٹریشن ریکارڈ میں شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔

نادرا کے مطابق یہ سہولت چاروں صوبوں کے منتخب اضلاع میں شروع کی گئی ہے۔ پنجاب میں راولپنڈی، جھنگ، بہاولنگر اور شیخوپورہ جبکہ خیبر پختونخوا میں پشاور کو اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

سندھ میں یہ اقدام کراچی شرقی، کراچی غربی، حیدرآباد، ٹنڈو الہیار، سکھر، گھوٹکی، لاڑکانہ، قمبر شہدادکوٹ، شہید بینظیر آباد، نوشہرو فیروز، میرپورخاص اور تھرپارکر میں نافذ کیا گیا ہے۔

اسی طرح بلوچستان میں کوئٹہ، نصیرآباد، جعفرآباد، قلات، شیرانی اور ژوب کی یونین کونسلوں میں بائیومیٹرک تصدیق متعارف کرائی گئی ہے۔ نادرا نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ مزید معلومات کے لیے ہیلپ لائن 1777 پر رابطہ کریں یا آفیشل ویب سائٹ www.nadra.gov.pk وزٹ کریں۔

WhatsApp
Get Alert