ملک کو ایک نئے میثاقِ جمہوریت کی ضرورت ہے، چوہدری پرویزالٰہی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویزالٰہی کا کہنا ہے کہ ملک کو ایک نئے میثاقِ جمہوریت کی ضرورت ہے، پی ٹی آئی صدر نے قومی ڈائیلاگ اور سیاسی معاشی بحرانوں سے نکنے کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل بیٹھنے کا مشورہ دیا۔
رہنماء پی ٹی آئی اسد قیصر کے ایکس پر پوسٹ کے مطابق سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسد قیصر نے پی ٹی آئی کے مرکزی صدر چودھری پرویزالٰہی سے ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، سیاسی و معاشی چیلنجز، اپوزیشن کے کردار اور آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں ملک کو درپیش مسائل کے حل، جمہوری اقدار کے تحفظ اور سیاسی استحکام کے لیے مختلف امور پر مشاورت کی گئی۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ملک کو ایک نئے میثاقِ جمہوریت کی ضرورت ہے، دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ قومی ڈائیلاگ کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل بیٹھنا چاہیے تاکہ ملک کو درپیش سیاسی اور معاشی بحرانوں سے نکالنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی مرتب کی جا سکے۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی صحت کے حوالے سے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالجین اور اہل خانہ کو ان تک فوری اور بلا تعطل رسائی فراہم کی جائے۔ اسد قیصر نے کہا کہ دورانِ قید طبی سہولیات کی فراہمی ہر شہری کا بنیادی آئینی اور قانونی حق ہے، جبکہ چودھری پرویزالٰہی نے کوٹ لکھپت جیل میں قید پارٹی کی سینئر قیادت کو فوری طور پر علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے پر زور دیا۔
اسد قیصر نے ملک بھر کی جیلوں میں قید پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ ملاقات میں پارٹی کی تنظیمی سرگرمیوں، قانونی محاذ پر کوششوں اور سیاسی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے آئینی و قانونی دائرے میں رہتے ہوئے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے دیگر رہنماؤں اور اتحادی جماعتوں سے رابطے تیز کرنے کا فیصلہ کیا۔

WhatsApp
Get Alert