ویلیو ایڈڈ سمندری خوراک کی برآمدات بڑھانے کیلئے کمیٹی قائم


کراچی(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری کی زیر صدارت سمندری خوراک (سی فوڈ) کی صنعت اور برآمدات کے فروغ سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ویلیو ایڈڈ سمندری مصنوعات کی برآمدات میں اضافے کے لیے ایک خصوصی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ وزارت بحری امور کے فشریز کمشنر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن اس کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری نے کہا کہ اس وقت ملک کی 578 کمپنیاں سمندری خوراک برآمد کر رہی ہیں، تاہم ان میں سے صرف تین کمپنیاں ویلیو ایڈڈ مصنوعات برآمد کر رہی ہیں، سمندری خوراک کی مجموعی برآمدات کا کم از کم پانچ فیصد حصہ ویلیو ایڈڈ مصنوعات پر مشتمل ہونا چاہیے۔
جنید انوار چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت ویلیو ایڈڈ سمندری مصنوعات کی برآمدات کو بڑھانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، اس مقصد کے لیے ماہی گیری کے صوبائی محکموں اور برآمد کنندگان سے مشاورت کی جائے گی، جبکہ آگاہی اور حکمت عملی مرتب کرنے کے لیے ایک خصوصی ورکشاپ کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک میں جھینگوں کی افزائش اور آبی زراعت (ایکوا کلچر) کے مراکز کو بھرپور فروغ دیا جائے گا تاکہ عالمی منڈی میں پاکستانی سمندری مصنوعات کا حصہ بڑھایا جا سکے۔

WhatsApp
Get Alert