اسلام آباد ہائیکورٹ میں خاتون وکیل کو روسٹرم پر چیونگم چبانا مہنگا پڑ گیا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) جسٹس خادم حسین سومرو نے خاتون وکیل کے روسٹرم پر چیونگم چبانے پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے وکیل صاحبہ یہ ادارہ آپ ہی کا ہے، اس کا احترام کریں اور اسے اون کریں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایک خاتون وکیل کو دورانِ سماعت روسٹرم پر کھڑے ہو کر چیونگم چبانا مہنگا پڑ گیا، جس پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وکیل کی سرزنش کی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس خادم حسین سومرو نے کیس کی سماعت کے دوران خاتون وکیل کے غیر سنجیدہ رویے کا سخت نوٹس لیا۔
جج نے خاتون وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے استفسار کیا کہ کیا آپ کے پاس ہائیکورٹ کا لائسنس موجود ہے؟
جسٹس خادم حسین سومرو نے عدالتی آداب کی یاد دہانی کراتے ہوئے کہا کہ روسٹرم پر کھڑے ہو کر چیونگم نہیں کھاتے، ہم بھی چیونگم نہیں کھا رہے اور نہ ہی کبھی کھاتے تھے۔
انہوں نے خاتون وکیل کو نصیحت کرتے ہوئے مزید کہا کہ وکیل صاحبہ یہ ادارہ آپ ہی کا ہے، اس کا احترام کریں اور اسے اون کریں۔
