ملک میں ایک ماہ میں 7 ارب 85 کروڑ روپے سے زائد کے خشک میوہ جات منگوائے گئے


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)ادارہ شماریات نے تازہ ترین رپورٹ میں کہا ہے کہ ملک میں ایک ماہ میں 7 ارب 85 کروڑ روپے سے زائد کے خشک میوہ جات منگوائے گئے ہیں۔
ادارہ شماریات کی دستاویز کے مطابق اکتوبر کے مہینے میں خشک میوہ جات کی درآمد میں 38.22 فی صد اضافہ ہوا ہے، جب کہ جولائی تا اکتوبر 17 ارب 45 کروڑ روپے کے خشک میوہ جات منگوائے گئے۔
چائے
دستاویز کے مطابق ایک ماہ (اکتوبر) میں 16 ارب 85 کروڑ 60 لاکھ روپے کی چائے بھی منگوائی گئی ہے، جب کہ ستمبر میں 17 ارب روپے سے زائد کی چائے منگوائی گئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق جولائی تا اکتوبر 68 ارب 65 کروڑ 90 لاکھ روپے کی چائے منگوائی گئی ہے، گزشتہ سال کے اس عرصے کی نسبت چائے کی درآمد 16.43 فی صد بڑھی۔
دالیں، پام آئل، مصالحے
ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ اکتوبر میں 13 ارب 92 کروڑ روپے کی دالیں درآمد کی گئیں، جولائی تا اکتوبر 63 ارب 87 کروڑ 90 لاکھ روپے کی دالیں منگوائی گئیں۔
جولائی تا اکتوبر 373 ارب 46 کروڑ 50 لاکھ روپے کا پام آئل درآمد کیا گیا، صرف اکتوبر میں 101 ارب 56 کروڑ 20 لاکھ روپے کا پام آئل منگوایا گیا۔
ایک ماہ میں 6 ارب 46 کروڑ 60 لاکھ روپے کے مصالحے منگوائے گئے، 4 ماہ میں 21 ارب 83 کروڑ 10 لاکھ روپے کے مصالحے منگوائے گئے۔

WhatsApp
Get Alert